جاوید اقبال
مینڈھر// ڈاک بنگلہ مینڈھر سے گوہلد جا رہی سڑک کے کچھ حصے پر کچھ روز قبل بلیک ٹاپنگ کی گئی تھی جس پر علاقہ کے لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ آفیسران اور متعلقہ جونیئر انجینئر پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بلیک ٹاپنگ میں انتہائی غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیاگیا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری کام کی وجہ سے دو دن کے اندر ہی سڑک پر بچھائی گئی تار کول اکھڑنا شروع ہو گئی ہے ۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ جونیئر انجینئر نے مبینہ طورپرجان بوجھ کر سرکاری پیسے کا ناجائز استعمال کیا ہے جس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے اپیل کی ہے کہ سڑک کا فوری طور پر معائینہ کیا جائے اور سڑک کامعائینہ کرنے کے بعد متعلقہ ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور سڑک پر دوبارہ بلیک ٹاپنگ کروائی جائے ۔سابقہ ممبر پنچایت تعظیم کاظمی نے کہا کہ ڈیڑھ کلو میٹر پر بلیک ٹاپنگ کرنی تھی لیکن محکمہ نے ایک کلو میٹر پرتار کول بچھائی اْس کی بھی انکوائری ہونی چاہئے۔اِس سلسلہ میں تحصیلدار مینڈھر کا کہنا ہے کہ میری بات متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسر سے ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلیک ٹاپنگ دوبارہ ہو گئی غلط کام نہیں ہونے دیں گے۔