ڈاکٹر فاروق عبداللہ جیل جائیں گے | جموں و کشمیر کے ہر گھر میں ہندوستان کا جھنڈا ہے:الطاف بخاری

Pic. by Mohsin Khan

سمت بھارگو

راجوری//جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے پیر کو کہا کہ این سی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ جیل جائیں گے اور اس کے کاغذات تیار ہیں۔انہوںنے کہا’’وہ گھوٹالے میں جیل جائے گا اور اس کے کاغذات مکمل طور پر تیار ہیں”۔ الطاف بخاری نے مزید کہا کہ ڈاکٹر فاروق کے بیانات جاری کرنے کی کوششوں کا انہیں جیل جانے سے روکنے میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔وہ جے کے سی اے گھوٹالے کا حوالہ دے رہے تھے اور راجوری ریلی میں اپنے خطاب کے دوران بیان بھی جاری کیا اور کہا کہ این سی صدر بڑے بڑے بیانات دے رہے ہیں لیکن انہیں جے کے سی اے سکینڈل کو یاد رکھنا چاہیے جس میں نوجوانوں کے لیے بلے اور کٹس غائب ہو گئے تھے۔وادی کشمیر میں بھاری ووٹنگ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں الطاف بخاری نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی طرف سے متعارف کرائی گئی پالیسیوںنے تبدیلی لائی۔انہوںنے کہا’’ہم وہ نہیں جنہوں نے یہ ریمارکس دیے کہ وادی کشمیر میں ترنگااٹھانے والا کوئی نہیں ہوگا لیکن ہم نے سیاسی منظر نامے کو ایک ایسے پہلو سے بدل دیا جس کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور یہ سب کے سامنے ہے‘‘۔بخاری نے مزید کہا’’یہ ہماری جیت ہے اور آج جموں و کشمیر کے ہر گھر میں ہندوستان کا جھنڈا ہے اور اسی کے لیے ہم دہلی گئے تھے لیکن اس وقت ان کو ٹھونس دیا گیا تھا‘‘۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے حالیہ بیان کا جواب دیتے ہوئے کہ کشمیر میں بندوق کا کلچر لانے والے اب بی جے پی کو زیادہ عزیز ہیں، جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے ڈاکٹر فاروق کو جے کے ایل ایف مظفرآباد کنونشن کے دوران دیا گیا ان کا بیان یاد دلایا۔انہوںنے کہا’’انہیں جے کے ایل ایف مظفرآباد کنونشن کے دوران اپنا بیان یاد رکھنا چاہیے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ (ڈاکٹر فاروق) جے کے ایل ایف کے ساتھ ہیں‘‘۔بخاری نے مزید کہا کہ ڈاکٹر فاروق وقت کے ساتھ رنگ بدلتے رہتے ہیں۔