ڈاکٹر جتندرسنگھ نے بارہمولہ ضلع کے ترقیاتی منظرنامے کا جائزہ لیا

بارہمولہ//بارہمولہ کے اَپنے دورے کے دوران وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے یہاں ڈاک بنگلہ میں ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے اراکین کے ساتھ ایک استفساری میٹنگ کی صدارت کی جس کا مقصد ترقیاتی کاموں سے متعلقہ ان کے خدشات کا جائزہ لینا تھا۔ڈی ڈی سی ممبران نے متعدد شکایات اور مطالبات وزیر مملکت کے گوش گزار کئے اوراُنہوں نے بنیادی سطح پر ترقی کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے ان کے بروقت ازالے کی کوشش کی۔اِس موقعہ پرچیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل بارہمولہ سفینہ بیگ نے ترقیاتی اہمیت کے حامل متعدد اَمور کے بارے میں جانکاری دی ۔اُنہوں نے ترقیاتی خدشات سے متعلق مختلف مسائل اور مطالبات کا بھی جائزہ لیاجس میں اُنہوں نے ترقیاتی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے مرکزی وزیر موصوف سے ذاتی مداخلت کی درخواست کی۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی بارہمولہ نے ضلع میں مختلف حصولیابیوں پر روشنی ڈالی اور عوامی مفاد کے اہم مطالبات پیش کئے جن میں اوڑی میں موہرا پاور پروجیکٹ کی بحالی ، نیشنل ہائی وے کی ترقی ، سولر پلانٹوں کی منظوری اور ضلع میں سیاحتی مقامات کی ترقی شامل ہے۔مرکزی وزیر موصوف نے تمام شکایات اور مطالبات بغور سنا اور انہیں یقین دِلایا کہ پی آر آئیز کے تمام ترقیاتی خدشات کو پورا کیا جائے گا تاکہ جمہوری مرکوزیت کے نظرئیے کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔مرکزی وزیر نے سکھ برادری اورمختلف وفود کی جانب سے پیش کردہ تمام مطالبات اور شکایات کے بروقت ازالہ کا یقین دِہانی کرائی۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن اور ممبران کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کی طرف سے ضلع کی ہمہ گیر ترقی کے لئے کی جارہی کوششوںپر اَپنی مسرت کا اِظہار کیا ۔ا ُنہوں نے انہیں زمینی سطح پر سماجی و اقتصادی ترقی کے حقیقی ایجنٹ قرار دیا اور ان پر زور دیا کہ وہ ترقی کے سفر میں فعال کردار ادا کریں۔