ریاسی //ریاسی کے نئے ہسپتال میںڈاکٹروں کی عدم دستیابی کے خلاف ضلع کے مختلف علاقوں کے مریضوں کے رشتہ داروںنے جمعہ کے روز ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرہ تب شروع ہوگیا جب ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو جموں منتقل کیا گیا ۔اگرچہ سرکار کا دعویٰ ہے کہ شعبہ صحت میں کافی بدلائو لایا گیا ہے، تاہم یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ضلع ہسپتال ریاسی میں ڈاکٹروں اور اسپیشلسٹوں کی کمی ہے۔ریاستی سرکار ضلع ہسپتال میں خالی پڑی اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی مختلف اسامیاں پُر کرنے میں ناکام رہی ہے، نتیجہ کے طور پر ضلع کے دھرماڑی، ٹھورو، بکل، کوری، پونی کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔مظاہرین کا مبینہ الزام ہے کہ وہ ضلع ہسپتال میں معمولی بیماری کے علاج کے لئے آتے ہیں لیکن انہیں یہاں سے جموں کے لئے منتقل کیا جاتا ہے۔بعدازآں ضلع ترقیاتی کمشنر موقعہ پر پہنچے جنہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ بالا حُکام کے ساتھ اُٹھائیں گے ،جسکے بعد مظاہرین پر امن طور سے منتشر ہوگئے ۔