ترال+ٹنگمرگ//محکمہ جنگلات کی جانب سے گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول ڈاڈسر ترال میںشجر کاری کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں اے ڈی سی ترال شبیر احمد رینہ نے مہمان خصوصی کی حثیت سے شرکت کر کے سکول کے صحن میں کائروکا ایک پودا لگا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا ۔اس دوران رینج افسر ترال میر فاروق احمد نے موجود ہ دورمیں آلودگی سے پاک ماحول کی اہمیت کو اجا گر کیا ۔انہوں نے بتایاکہ امسال ترال رینج نے ہزروں کی تعداد میں پودے لگانے کا عزم کیا ہے ۔ادھرسبز جموں کشمیر سکیم کے تحت ٹنگمرگ میں سپیشل فارسٹ ڈویژن نے تحصیل لیگل سروس اتھارٹی ٹنگمرگ کے اشتراک سے شجرکاری مہم شروع کی۔مہم کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ ٹنگمرگ کے احاطے میں کئی اقسام کے پودے لگائے گئے۔اس موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹ ٹنگمرگ،ڈویژنل فارسٹ آفیسر ٹنگمرگ،ایس ایچ اوٹنگمرگ، بارایسوسی ایشن سے وابستہ وکلاء ،محکمہ جنگلات کے ملازمین نے کئی اقسام کے پودے لگاکر شجر کاری مہم شروع کی۔ڈویژنل فارسٹ افسر شوکت احمد کٹھو نے اس موقع پر کہا ’’ہم نے رواں سال ٹنگمرگ کے بنجر جنگلات کو سرسبز بنانے کے لئے 60 ہزار پودے لگانے کا کا نشانہ مقرر کیا ہے جبکہ سبز جموں کشمیر کے تحت 40 ہزار پودے لگائے جائیںگے تاکہ آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک و شفاف ماحول میسر ہوجائے۔