سرینگر//لوگوں کی شکایات سُننے اور بر سر موقعہ اُن کے حل کو یقینی بنانے کے سلسلے میں حالیہ سرکاری احکامات کے مطابق کل ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے کانفرنس ہال میں سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے محکمہ کے آفیسران اور دیگر متعلقین کی موجودگی میں عوامی شکایتی دربار کا انعقاد کیا۔ مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود اور ملازمین نے مختلف معاملات سیکریٹری تعلیم کی نوٹس میں لائے اور اُن کا حل طلب کیا ۔سیکریٹری موصوف نے اُبھارے گئے کئی معاملات سے متعلق متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کی اور کئی ہدایات جاری کیں۔ اس دوران ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر SSAعبد الرشید وارنے کئی مسائل کے حل کے لئے چند تجاویز پیش کیں۔ شکایتی کیمپ کے دوران مختلف اضلاع اور وفود کی طرف سے جو معاملات اُبھارے گئے اُن میں SROکیسزکے فوری حل، سکولی عمارات کی تعمیراوردیوار بندی ،بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے ،اساتذہ اور طلباء سمیت عارضی سکولوں جیسے بہکوں سے وابستہ عارضی اساتذہ کے معاملات ، انچارج لیکچررس کی باقاعدگی، ٹائپ ٹیسٹ پاس کرنے والے کلاس فورتھ ملازمین کوجونیر اسسٹنٹس کے طورترقی دینے کے حوالے سے احکامات اجرا کئے جانے اوردیگر معاملات شامل ہیں۔اسی دوران ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اننت ناگ ، بارہمولہ، گاندربل، پلوامہ اور بڈگام سے وابستہ جن کلاس فورتھ ملازمین نے ٹائپ ٹیسٹ پاس کیا ہے اُنہیں جونیر اسسٹنٹس کے طور ترقی دینے کے احکامات عنقریب جاری کئے جائیں گے۔