ڈائریکٹر جنرل پولیس اور فوج کے شمالی کمان سربراہ کی اہم میٹنگ | سردیوں سے قبل سیکورٹی پلان پر تبادلہ خیال بہتر تال میل اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا اعادہ

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//ہندوستانی فوج کے شمالی کمان سربراہ اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی پلان اور سردیوں کے مہینوں سے قبل انتظامی انتظامات کا جائزہ لیا۔جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آر آر سوین نے 31 اکتوبر کو چارج سنبھالنے کے بعد سے ہندوستانی فوج کے شمالی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی کے ساتھ یہ پہلا بات چیت کی ہے۔فوج کے ادھم پور میں واقع شمالی کمان کے ایکس اکانٹ پر ایک پوسٹ کے مطابق”لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے آر آر سوین، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں و کشمیر کے ساتھ بات چیت کی، تاکہ فورسز کے درمیان بہتر تال میل، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے منصوبوں اور آنے والی سردیوں کے دوران سیکورٹی اور انتظامی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے” ۔بات چیت کی تصاویر کا اشتراک کرتے ہوئے، اس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس مرکز کے زیر انتظام علاقے کی حفاظت کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔حکام نے بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں جموں و کشمیر میں خاص طور پر لائن آف کنٹرول کے ساتھ ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ دہشت گردوں کی دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے اس سے پہلے کہ بھاری برف باری دراندازی کے ممکنہ راستوں کو روکے۔انہوں نے کہا کہ علاقے پر تسلط کی مشق کے ایک حصے کے طور پر جنگلات اور سرحدوں کے قریب واقع دیہاتوں میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔