سرنکوٹ// سرنکوٹ کے دور افتادہ گاؤں سانگلہ کو جانے والی سڑک چیڑ تا ہائی سکول سانگلہ انتہائی خستہ حال ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مکینوں و ٹرانسپورٹروں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔2کلو میٹر سڑک مکینوں کو بہتر رابطہ فراہم کرنے کیلئے ’گائوں کی اور ‘پروگرام کے زیر تحت نکالی گئی تھی تاہم اس دوران سڑک پر معیاری کام ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس کی حالت خراب ہوگئی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکام کی جانب سے دیہات میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بے بنیاد وعدے کئے گئے تھے لیکن زمینی سطح پر صورتحال اس کے برعکس ہے ۔انہوں نے کہاکہ بیک ٹو ولیج پروگرام شروع کرنے کے دوران عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے بلند و بانگ نعرے لگائے جاتے تھے لیکن وقت گزرنے کیساتھ ساتھ مذکورہ وعدے اور نعرے کھوکھلے دکھائی دے رہے ہیں ۔مقامی لوگوں مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے تعمیراتی ایجنسی کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
بدھل کی پنچایت گنڈی میں رابطہ سڑک کا افتتاح
محمد بشارت
کوٹرنکہ //تحصیل خواص کی پنچایت حلقہ گنڈی میں کپیکس بجٹ کے تحت رابطہ سڑک کی تعمیر کا افتتاح کیا گیا ہے ۔مقامی سرپنچ کی جانب سے افتتاح کردہ سڑک کو مین سڑک سے پنچایت کی وارڈ نمبر 5تک تعمیر کیا جائے گا تاکہ مکینوں کو دوران آمد و رفت سہولیات میسر ہو سکیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ کو انتظامیہ کی جانب سے یکسر نظر انداز کر دیا گیا تھا لیکن مقامی سرپنچ روبینہ اختر کی محنت کی وجہ سے اب بنیادی سہولیات کی فراہمی شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ رابطہ سڑکوں کی تعمیر ات کو جلدازجلد مکمل کر کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اس موقعہ پر نائب محمد رشید ،ٹھیکیدار منیر حسین ،مقصودہ بیگم ،محمد درفیق ،عبدالقیوم ،کالا خان ،صدام حسین و دیگران بھی موجود تھے ۔
تھنہ منڈی۔ دیرہ گلی سڑک بند
سمت بھارگو
راجوری //تھنہ منڈی کے منیہال گلی علاقہ میں پسی گر آنے کی وجہ سے تھنہ منڈی تا دیرہ گلی رابطہ سڑک بند ہو گئی ہے ۔ضلع انتظامیہ راجوری نے بتایا کہ تھنہ منڈی تا بفلیاز رابطہ سڑک گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سڑک پر ایک پسی گر آئی جس کی وجہ سے سڑک کا ایک حصہ بھی متاثر ہو گیا ہے ۔انتظامیہ نے بتایا کہ پسی منیال گلی علاقہ میں گر آئی ہے تاہم ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے لیکن اس میں وقت درکار ہے جس کے چلتے ٹریفک بند ہو گئی ہے ۔مسافروں و عام لوگوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سڑک کی بحالی کے سلسلہ میں سیول اور پولیس انتظامیہ سے پیشگی رابطہ کیا جائے تاکہ وہ درماندہ نہ ہوں ۔