نیوز ڈیسک
سرینگر//چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے بدھ کو درگاہ حضرت بل، خانقاہ معلی اور جامع مسجد نوہٹہ کا دورہ کیا اور وہاں آنے والے عقیدت مندوں کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا۔چیف سکریٹری کے ساتھ ڈویژنل کمشنر کشمیر پانڈورنگ کے پولے، ڈپٹی کمشنر محمد اعجاز، کمشنر ایس ایم سی اطہر عامر خان، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو، ایس ایس پی سرینگر راکیش بلوال اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔چیف سکریٹری نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ اپنے تمام کاموں کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ انجام دینے کو یقینی بنائیں تاکہ مزارات پر آنے والے عقیدت مندوں کو اس سلسلے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزارات پر اوقاف کے اراکین سے بات چیت کی اور ان سے زائرین کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔درگاہ کے دورہ کے دوران چیف سکریٹری نے وہاں سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شب قدر اور، عید الفطر کے دوران مزار پر آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے تمام خدمات کو بروئے کار لایا جانا چاہیے۔ انہوں نے احاطے میں چاردیواری اور گیٹس کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس بات کو برقرار رکھتے ہوئے کہ اجتماعی نقطہ نظر ہی مزارات کی بہتر دیکھ بھال کا راستہ ہے، چیف سکریٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سہولیات کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں اوقاف اور مقامی لوگوں سے رائے لیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ مزارات پر کتوں کو پکڑنے والوں کو لگا کر آوارہ کتوں کو دور رکھیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔انہوں نے ایس ایم سی سے کہا کہ وہ مزارات کے ارد گرد صفائی کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں خاص طور پر رمضان کے ساتھ ساتھ آنے والے مقدس ایام میں۔جامع مسجد کے دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے وضو بلاک کا افتتاح کیا جو مقامی لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔اس موقع پر چیف سکریٹری نے عقیدت مندوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور انہیں جلد از جلد ازالے کے لیے مناسب کارروائی کا یقین دلایا۔تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔بعد ازاں چیف سیکرٹری نے خوشحالسر اور گکسار جھیلوں کا دورہ کیا اور جڑواں آبی ذخائر پر کئے جانے والے بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا۔