۔ 8.06 کروڑ ریکارڈز آن لائن دستیاب، منی سیکورٹی آپریشنز سینٹرقائم کرنیکی ہدایت
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈلونے کل ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور اس میں اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل اِنفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی)جموں و کشمیرکے کام کاج کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف سیکرٹری نے سائبر سیکورٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے تحصیل اور بلاک سطح سے مضبوط بنانے پرزور دیا۔ اُنہوں نے محکمہ آئی ٹی کو ہدایت دی کہ اِی۔آفس نیٹ ورک کی توسیع تمام تحصیل اور بلاک دفاتر تک کی جائے جیسا کہ ضلعی سطح کے دفاتر میں کامیابی سے کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے ان دفاتر کی تفصیلی رِپورٹ بھی طلب کی جو اَب تک اِی۔آفس سے منسلک نہیں ہو سکے ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سٹیٹ ڈیٹا سینٹر (ایس ڈِی سی ) کو جلد از جلد اَپ گریڈ کیا جائے اور جموں و کشمیر میں ایک منی سیکورٹی آپریشنز سینٹر (ایس او سی ) قائم کیا جائے۔ اُنہوں نے اِنفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت رکھنے والے اَفرادی قوت کو تیار کرنے کے لئے ایک ’’سینٹر آف ایکسی لینس (سی او اِی)‘‘ کے قیام پر بھی زور دیا تاکہ مستقبل کی صنعتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر پیوش سنگلا نے محکمہ کے کام کاج اور کامیابیوں پر تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ میں تھرڈ پارٹی آڈیٹرز (ٹی پی اے) کے ذریعے آڈِٹ کی گئی ایکٹو ویب سائٹس کی تعداد 110سے بڑھ کر 206ہو گئی ہے اور اِس وقت زائد اَز 210سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز لوگوں کے لئے قابل رَسائی ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ سٹیٹ ڈیٹا سینٹر(ایس ڈِی سی ) کو آئی ایس او 27001اور آئی ایس او 20001سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیںجو اِنفارمیشن سیکورٹی اور سروس مینجمنٹ کے بین الاقوامی معیارات کے لئے حکومت کے عزم کو واضح کرتا ہے۔اِس موقعہ پر سی اِی او جے کے کے اِی جی اے مہیما مدن نے بتایا کہ اِی۔آفس 2.0کے دوسرے مرحلے میں 4,056دفاتر اور 21,774صارفین کو شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے تحصیل اور بلاک سطح تک کام کو وسعت دی گئی ہے۔ سٹیٹ وائیڈ ائیریا نیٹ ورک (ایس ڈبلیو اے این) کو تمام اَضلاع اور 167بلاکوں تک پھیلایا جا چکا ہے جس سے اِی۔آفس کی ہموار کارروائیوں کے لئے مضبوط رابطے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔سیکرٹری موصوف نے مزید بتایا کہ 127 شہری خدمات بشمول 15نئے شامل کردہ کو ڈیجی لاکر کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے جس سے زائد اَز 8.06کروڑ ریکارڈز آن لائن دستیاب ہیں۔ اِس پلیٹ فارم کے اس وقت جموں و کشمیر میں 30.4لاکھ رجسٹرڈ صارفین ہیں۔اِس سے قبل دوران میٹنگ چیف سیکرٹری نے اِی ۔ایس اے ایم (الیکٹرانک سسٹم آف ایسٹ مینجمنٹ) پورٹل کا باضابطہ آغاز کیا جو ایک جامع لائف مینجمنٹ پلیٹ فارم ہے جو اَثاثوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اَخراجات و خطرات کو کم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔