ڈاکٹر نسخوں پر دستخط اور مہر ثبت کریں، نسخوںکا آڈٹ کرنے کی ہدایت
جموں //چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سوموار کو محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے کام کاج اور اس مالی سال کے دوران کیپیکس بجٹ کے تحت حاصل کی گئی پیش رفت جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ صحت اور طبی تعلیم ، ڈائریکٹر سکمز ، متعلقہ ایچ او ڈیز ، تمام میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں خاص طور پر زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بھال کے تحت سرکاری ادویات کی دکانوں کے ذریعے 422 ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ ہسپتال کے احاطے میں نمایاں جگہوں پر آویزاں فہرستوں کے ذریعے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ تمام سرکاری سہولیات میں مفت ادویات کی خریداری ، ذخیرہ کرنے اور تقسیم کرنے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے ۔ مزید براں ڈاکٹروں کی جانب سے ادویات کے نسخے کو ہموار کرنے کیلئے چیف سیکرٹری نے نسخے کے آڈٹ کی ہدایت دی اور محکمہ سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام ڈاکٹر نسخے کے کارڈ پر اپنی مہر اور دستخط کریں ۔ڈاکٹر مہتا نے کیپیکس بجٹ میں مناسب دفعات کے ذریعے اگلے مالی سال تک ڈیجیٹل نسخوں کو تبدیل کرنے پر زور دیا جو کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ای ہیلتھ سروسز کو لاگو کرنے کی سمت میں ایک قدم آگے بڑھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کو فروری 2022 تک ’ میرا ہسپتال ‘ اقدام کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب خدمات کے معیار پر مریضوں کے تاثرات کے طریقہ کار کے ساتھ مزید مربوط کیا جانا ہے ۔ جموں و کشمیر کے تمام اداروں میں صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانے کے مقصد کیلئے صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد کی باقاعدہ ایک سال کی تربیت کے انعقاد کے ساتھ چیف سیکرٹری نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ مارچ 2022 تک ہیلتھ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرائے ۔ مزید براں محکمہ صحت اور طبی تعلیم سے کہا گیا کہ وہ اعلیٰ سطح کی حفظان صحت اور صفائی کو برقرار رکھتے ہوئے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں علاج کی یکسانیت کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کی طرف سے پیروی کی جانے والی معیاری پالیسی کو مطلع کرے ۔ ڈاکٹر مہتا نے متعلقہ افراد کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ 15 سے 17 سال کی عمر کے زمرے میں مناسب جانچ ، تیز رفتار ویکسی نیشن اور کووڈ کے مریضوں کے بہترین ممکنہ علاج کو یقینی بنائیں ۔