چیئر مین وقف بورڈ نے شاہدرہ شریف کا دورہ کیا عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی// چیئرپرسن وقف بورڈ یو ٹی جموں وکشمیر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے راجوری کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ضلع ہیڈ کوارٹر راجوری میں متعدد علماء اکرام سے خصوصی گفتگو کی جس میں چند اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسکے بعد انہوں نے خطہ پیر پنچال کی مشہور درگاہ بابا غلام شاہ بادشاہ شاہدرہ شریف پر حاضری دی۔ جہاں انہوں نے پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بحالی امن کیلئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ خطہ پیرپنچال کا ان کا پہلا دورہ کیا جس دوران انہوں نے راجوری کی مختلف درگاہوں پر کام کاج کاجائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے زیارت شاہدرہ شریف پر ہو رہے کام کاج کا خصوصی جائزہ لیا۔ اس موقع پر موجود لوگوں سے بھی بات چیت کرتے ہوئے یہاں پر سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ وہیں لوگوں نے چیئر مین کو بتایا کہ زیارت شاہدرہ شریف پر تمام تر انتظامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس سے عقیدت مندوں کو کسی بھی طرح کی پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ وہیں چیرپرسن نے کہاکہ وقف بورڑ اب جموں و کشمیر میں لوگوں کو ہرقسم کی سہولیات دستیاب کروانے کا خواہشمند ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی لوگوں نے وقف بورڑ کی زمینیں اپنے قبضے میں لے رکھی ہیں لیکن بہت جلد ان سے یہ زمینیں واپس لی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلد درگاہ شاہدرہ شریف کے نام پر وقف بوڑ ایک کینسر ہسپتال بنانے جا رہا ہے جس سے یقیناً یہاں کے عوام کو فایدہ حاصل ہوگا۔