سوپور//شمالی قصبہ سوپور کے چھانہ کھن میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں چا ر رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے اور کروڑوں روپے مالیت کی املاک دیکھتے ہی دیکھتے راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو خضر محمد ملہ کے تین منزلہ مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مزید چار مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اگر چہ مقامی لوگوں نے آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کو شش کی تاہم کئی سلنڈر زوردار دھماکوں کے ساتھ پھٹنا شروع ہوئے جس کے نتیجے میں آگ تیزی کے ساتھ پھیل گئی۔ خوفناک شعلوں نے فائر سروس عملہ کو نزدیک نہیں آنے دیا۔آ گ کے شعلے بلند ہو تے ہی علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا اور نزدیکی لوگ چیختے چلاتے اپنے گھروں سے باہر آئے ۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دور دور سے شعلے نظر آرہے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ آگ کی یہ واردات مکان میں موجود ایک گیس سلنڈر پھٹ جانے سے پیش آئی۔ عینی شاہدین کے مطابق فا ئر سروس عملہ وقت پرجائے واردات پر پہنچا اور آگ کو مزید پھیلنے سے بچالیاتاہم اس سے قبل ہی ان چار مکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا ساز وسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیاہے۔