چکلی راجوری میں توہین آمیز فعل کے تینوں ملزمان گرفتار | قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں: پولیس

راجوری//راجوری کے چکلی گاؤں میں چھ دن قبل پیش آئے توہین آمیز فیل میں ملوث مطلوب تینوں ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ ہی ضلع کی پولیس نے اس معاملے کو حل کر لیا ہے اور اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ایک سرکاری بیان میں ڈسٹرکٹ پولیس آفس نے کہا کہ 12 مارچ کو راجوری کے چکلی گاؤںمیں مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا ایک واقعہ سامنے آیا تھا جس کے بعد انچارج پولیس چوکی چٹیاڑ چنگس کے ایس آئی ساحل چوہدری کی قیادت میں پولیس ٹیم نے معاملہ کا جائزہ لے کر تحقیقاتی عمل شروع کیا ۔انہوں نے بتایا کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ضلع ہیڈ کوارٹر سے مزید ٹیمیں روانہ کی گئیں جن میں ایس ایچ او راجوری فرید احمد، ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر ونود شرما اور ایڈ ایس پی راجوری وویک شیکھر شرما سمیت افسران بھی وہاں پہنچ گئے اور حالات کو قابو میں رکھا۔اس کے بعد ایف آئی آر 92/2022 میں سیکشن 295-A کے تحت پولیس اسٹیشن راجوری میں مقدمہ درج کیا گیا۔ضلع پولیس آفس راجوری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کیس کی تفتیش پیشہ ورانہ خطوط پر تیز رفتاری کے ساتھ کی گئی اور تینوں ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا۔معاملے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی اور کارروائی جاری ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری محمد اسلم نے کہا کہ جو بھی قانون کو ہاتھ میں لے کر امن کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔آفیسر موصوف نے کہاکہ جموں و کشمیر پولیس غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے پرعزم ہے۔