عشرت حسین بٹ
منڈی// چنڈک منڈی بڈھا امرناتھ سڑک پر حکام کی جانب سے مرمتی کا کام شروع کیا گیا ہے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین ایم چوہدری نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر جانکاری دیتے ہوئے کہا ہے کہ چنڈک منڈی بڈھا امرناتھ اہم سڑک پر مرمتی کا کام شروع کیا گیا ہے۔ واضح رہے کے گزشتہ ایک برس سے چنڈک منڈی بڈھا امر ناتھ سڑک کی حالت اتنی خستہ تھی کہ اس سڑک پر سفر کرنا مسافروں کے لئے درد سر بن چکا تھا ۔
غور طلب ہے کہ دو برس قبل حکام کی جانب سے اس سڑک کی کشادگی کاکام کیا گیا تھا جس کہ بعد اگرچہ ایک سال اس سڑک کی حالت بہتر رہی مگر گزشتہ ایک برس سے سڑک کی حالت ابتر ہو چکی تھی جس کی وجہ سے اس سڑک پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں اور ملازموں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو ایک کھلا خط بھی لکھا تھا اور حوالے سے منڈی چنڈک کے متعدد سیاسی لوگوں اور پنچایتی نمائندوں نے سڑک کی بہتر تعمیر کے حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر کے نوٹس میں بھی لایا تھا جس کو دیکھتے ہوئے اس سڑک پر مرمتی کام شروع کیا گیا ہے۔
ادھر عوام نے بھی ڈی سی پونچھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی مرمتی کے حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے بہت جلد اقدام اٹھائے۔منڈی قصبہ کے لوگوں نے اس حوالے سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بہت جلد منڈی بازار کی خستہ حالت کو بھی بہتر بنایا جائے گا ۔مکینوں کا کہنا تھا کہ منڈی بازار میں اگر چہ چار ماہ قبل انتظامیہ کی جانب سے تارکول بچھایا گیا تھا وہ انتہائی غیر معیاری تھا جو تین دن کے بعد ہی اکھڑ گیا تھا ۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دس دن کے اندر منڈی قصبہ کے بازار میں بھی معیاری تارکہول بچھایا جائے گا۔