عشرت حسین بٹ
منڈی//عرصہ دراز سے خستہ حال چنڈک تا منڈی سڑک پر حکام کی جانب سے بڈھا امرناتھ یاترا سے قبل ہی کھڈے بھرنے کا کام شروع کیا گیا تھا وہیں بدھ سے ان کھڈوں پر تار کول بچھانے کا کام بھی شروع کیا گیا ہے۔اس سڑک سے روزانہ سفر کرنے والے لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک پر صرف کھڈوں پر ہی تارکول نہ بچھایا جائے بلکہ سڑک پر پوری طرح سے معیاری تارکول بچھایا جائے تاکہ اگلے پانچ برس تک سڑک پر کسی بھی طرح کا تعمیری کام کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ چھ برس قبل بھی اس گیارہ کلو میٹر سڑک پر دونوں اطراف سے کشادگی کی گئی تھی اس کے بعد اگر چہ اس سڑک پر تارکول بھی بچھا گیا تھا وہ اتنا غیر معیاری تھا کہ کچھ عرصہ میں اکھڑ گیا تھا جس کی وجہ سے چھ برس تک اس سڑک کی حالت اتنی ابتر ہوئی تھی کہ اس سڑک پر سفر کرنا کسی بھی بڑی مشکل سے کم نہیں تھا۔مسافروں نے کہا کہ وہ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس سڑک کی خستہ حالت کو ٹھیک کیا جائے تاکہ عوام کو سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ محمد رشید ایک مسافر نے کہا کہ وہ روزانہ اس سڑک سے سفر کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی حالت اتنی ابتر ہے کہ دور دراز گاوں میں بھی اس سے بہتر سڑکیں تعمیر ہو ئی ہیں ۔ان کا کہنا تھاکہ ضلع کے بڑے افسران اور سیاسی لوگ بھی اس سڑک سے سفر اختیار کرتے ہیں جن کے لیے شرم کی بات ہے کہ وہ اس ابتر سڑک سے سفر کر کے اس کی حالت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار نہیں نبھاتے ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہندوستان بھر سے یاترا بھی اس سڑک سے سفر کریں گے اور وہ کیا پیغام لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس گیارہ کلو میٹرسڑک کی بہترین تعمیر کریں تاکہ سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔