چندر کوٹ اور بٹوت میں منشیات مخالف کارروائیاں

رام بن// بٹوت پولیس نے ہفتہ کی شام جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ناشری کے مقام پر دو بائیک سواروں کو ان کے قبضے سے 13 کلو گرام اور 300 گرام پوست کا بھوسا برآمد کرنے کے بعد گرفتار کیا۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ناشری کے مقام پر معمول کے ناکہ پر چیکنگ کے دوران دو موٹر سائیکلوںکو روک کر ان کے سامان کی تلاشی کے دوران 8 کلو 200 گرام اور 7 کلو 100 گرام پوست کا بھوسا برآمد کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ دونوں کی شناخت منی سنگھ ولد جسونت سنگھ اور جرنیل سنگھ ولد کشمیر سنگھ ساکنہ راج پورہ پٹیالہ پنجاب کے طور پر ہوئی ہے۔دونوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت دو الگ الگ ایف آئی آر پولیس اسٹیشن بٹوٹ میں درج کی گئی ہے۔ادھرچندر کوٹ پولیس نے ہفتہ کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر پولیس چیک پوسٹ چندر کوٹ پر 22 گرام ہیروئن (نشہ آور مادہ) برآمد کرنے کے بعد تین افراد کو گرفتار کیا۔پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس چیک پوسٹ چندر کوٹ پر ہائی وے پر گاڑیوں کی معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس ٹیم نے ایک ماروتی سوئفٹ کار کو روکا۔کار سری نگر سے جموں کی طرف جارہی تھی۔تلاشی کے دوران کار میں سوار تین افراد سے 22 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔تینوں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا اور جرم میں ملوث گاڑی کو ضبط کر لیا گیا۔پولیس نے ان کی شناخت شارق احمد ولد محمد اسلم ساکنہ کشتواڑ،جہانگیر احمد زرگر ولد شبیر احمد زرگر ساکنہ زرگر محلہ کشتواڑ اور سہیل خان ولد محمد اسلم خان ساکن پلسر محلہ بٹھنڈی جموں کے طور پر کی ہے