چناب خطہ کو صوبہ کا درجہ وقت کی ضرورت: فردوس ٹاک

کشتواڑ//نیشنل کانفرنس کے متعددکارکنوں بشمول 4  منتخبہ پنچوں اور 3شکست خوردہ سرپنچوں نے پیپلز ڈیموکریٹک کا دامن تھاما ۔ان لوگوں نے ایم ایل سی فردوس ٹاک اور پارٹی کے ضلع صدر شیخ ناصر حسین کی موجودگی میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی، جن میں گلشن بیگم ،محمد شفیع، اور نوشین بانو ،این سی کے سینئر ورکر گلشن میر، غلام احمد گنائی، ارشد حسین بزداراور عادل حسین شامل ہیں۔اس موقعہ پر ایم ایل سی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈی پی محبوبہ مفتی کی قیادت میں  پہلے سے بھی مستحکم پارٹی بن کر اُبھرا ٓئے گی۔انہوں نے کہا کہ مفتی سعیدنے پی ڈی پی کی صورت میں نہ صرف سیاسی متبادل پیش کیا بلکہ امن ومصالحت و ہم آہنگی پر بھی زور دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آجکل ہر کوئی اس تصور اور روڈ میپ کو مسئلہ کشمیر کے دیر پا حل کیلئے تسلیم کرتا ہے جس میں پی ڈی پی ایک اہم رول نبھائے گا۔پارٹی میں حالیہ واقعات کو انہوں نے معمول قرار دیا اور اسے ایک سیاسی عمل کا ایک حصہ بتایا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا اور پالیسی ہماری طاقت ہے۔ضلع صدر شیخ ناصر حسین نے کہا کہ پی ڈی پی کے ورکرو پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیںاور موقعہ پرستوں کو لوگوں سے سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وادی چناب کے لئے علاحدہ صوبہ کے قیام کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑی خطہ کے لوگ اسے حاصل کرنے کیلئے متحد ہیں۔