چنائو کمیشن کی نوٹس:5امیدوار 3برس تک چنائو لڑنے کے نااہل قرار

 سرینگر//2014کے اسمبلی انتخابات کے دوران چنائو اخراجات کا گوشوارہ پیش نہ کرنے کی بنا پر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے وادی کے پانچ سابق امیدواروں کو آیندہ تین برس تک کیلئے کسی بھی انتخاب میںحصہ لینے کے نااہل قراردیا ہے۔جن امیدواروں پر چنائو میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی ہے، اُن میں بھاجپا کے عبدالرحمن،آل انڈیا فارورڈ بلاک کے محمداقبال زرگر،آزاد امیدواراںغلام محمدبٹ،غلام محمد پرے اور نذیراحمدوانی شامل ہیں۔چنائو کمیشن کے حکمنامے کے مطابق اِن اُمیدواروں کو 7 جون 2018سے تین سال تک پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں ،ریاستی قانون سازاسمبلی یاقانون ساز کونسل کا ممبر منتخب ہونے کے نااہل قراردیا گیا ہے۔چنائوکمیشن کے ذرائع کے مطابق کمیشن نے ریاست کے سبھی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے اُن امیدواروں کی فہرست طلب کی تھی جنہوں نے 2014کے اسمبلی انتخابات کے دوران اپنے چنائواخراجات کے گوشوارے حکام کو پیش نہیں کئے تھے۔کشمیرعظمیٰ کوحکام نے بتایا کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے اور چنائو کیلئے نااہل قراردئے گئے سبھی امیدواروں کا تعلق ضلع بانڈی پورہ سے ہیں۔حکام کے مطابق دیگر اضلاع کے ایسے امیدواروں جنہوں نے چنائواخراجات کے گوشوارے حکام کو پیش نہیں کئے ہیں ،کے خلاف بھی ایسی ہی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔چنائو کمیشن نے یہ کارروائی جموں کشمیر عوامی نمائندگاں ایکٹ1957کے تحت کی ہے،جس کی رو سے اُن امیدواروں جو اپنے چنائو گوشوارے حکام کو پیش کرنے میں ناکا م ہوں،کو تین سال تک انتخاب لڑنے کے ناا ہل قرار دیا جاتا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر میں چنائو مہم کے دوران اخراجات کی حد28لاکھ روپے تک ہے۔