محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے چملواس۔ نیل رابطہ سڑک کے ساتھ ساتھ ٹیلی مواصلاتی کمپنی جیو کی طرف سے فائبر کیبل بچھانے کی وجہ سے نیل رابطہ سڑک تباہ کرکے رکھ چھوڑی گئی ہے اور پچھلے کئی روز سے یکطرفہ طور ہی تعمیر کی گئی اس سڑک پر کئی گاڑیوں کے پھنس جانے کی و جہ سے مقامی نجی اور مسافر بردار ٹریفک کئی کئی گھنٹوں تک درماندہ ہو کر رہ گیا۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال کو نیل سے جوڑنے والی چملواس۔ نیل رابطہ سڑک ایک ہی گاڑی کیلئے تعمیر کی گئی اور پچھلے ایک سال سے جیو ٹیلی مواصلاتی کمپنی نے اس سڑک کے برلب فائبر کیبل بچھانے کیلئے کام شروع رکھا ہے۔
انہوں نے کہ کہ کھدائی کرکے سڑک کے کنارے بنائی جارہی نالی کی وجہ سے چملواس۔ نیل رابطہ سڑک کو کھدائی کرکے تباہ کرکے رکھ دیا گیا ہے اور ہزاروں نفوس پر مشتمل نیل وادی کے ہزاروں لوگوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے کنارے کھودی گئی نالی میں ڈالی جارہی کیبل پختہ یا کنکریٹ نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے اس کیبل بچی کھچی نالی میں گاڑیوں کا پھنسا معمول بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چملواس۔ نیل روڈ محکمہ تعمیرات عامہ کے پاس ہے اور محکمہ نے سڑک کے کنارے کیبل بچھانے کیلئے جیو کمپنی سے کروڑوں روپئے کی رقم تو لی ہے لیکن سڑک کی دیکھ ریکھ اور اس پر بلا خلل ٹریفک چلانے کیلئے محکمہ پی ڈبلیو ڈی عدم توجہی مظاہرہ کر رہا ہے اور جیو کیبل بچھانے والی کمپنی نے لوگوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ جمعہ کے روز بھی ایک ڈمپر باٹو کے مقام پھنس گیا اور کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہا ور مریضوں ، کالج اور سکولی بچوں اور عام لوگوں کو درجنوں مسافر گاڑیوں سے اتر کر اپنی منزلوں تک پہنچنے کیلئے پیدل ہی سفر کرنا پڑا۔اس سلسلے میں جب ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی رام بن ابھیشیکھ گپتا سے پوچھا گیا کہ محکمہ تعمیرات عامہ رام بن نے جیو کمپنی سے کیبل بچھانے کیلئے کروڑوں روپئے کی رقم لینے کے بعد سڑک کی خستہ حالی کو درست کیوں نہیں رکھا کیا گیا ؟ تو انہوں نے کہا کہ وہ چند روز قبل ہی نیل علاقے کا دورہ کرکے آئے ہیں اور ان کی موجودگی میں نیل باٹو کے مقام جیو کمپنی نے کیبل کا کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ چملواس۔ نیل رابطہ سڑک پہلے ہی سے تنگ ہے اور اس کے ساتھ ایک فٹ کی کھدائی کرکے فائبر کیبل بچھائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری موجودگی میں بھی ایک گاڑی پھنس گئی تھی اور پھنسی گاڑیوں کو وہاں موجود مشینری کی مدد سے ساتھ ساتھ نکالا بھی جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں اور مقامی ٹریفک کی نقل و حرکت کا خاص خیال رکھ کر نہایت ہی احتیاط سے فائبر کیبل کا کام کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیبل کیلئے بچھائی گئی نالی کو ابھی کنکریٹ نہیں کیا جائیگا اور کام مکمل کرنے کے بعد ہی اس پر کنکریٹ ڈالا جائیگا۔ انہوں نے لوگوں اور ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ احتیاط اور صبر کا مظاہرہ کریں کیونکہ فائبر کیبل کا کام بھی لوگوں کی سہولیات کیلئے ہی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کو ضروری ہدایت دی گئی ہے تاکہ عوم کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔