اشفا ق سعید+اشرف چراغ
سرینگر+کپوارہ //محکمہ موسمیات نے پیرپنجال، جنوبی کشمیر ،ڈوڈہ اور کشتواڑ علاقوں میں30جنوری کو بھاری سے درمیانی درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے 30جنوری کی شام سے برف و باراں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موسمی نظام ان علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا سبب بن سکتا ہے جہاں پہلے ہی خطرہ ظاہر کیا گیاہے اور وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ برفباری سے پیر کے روز سے زمینی اور ہوائی نقل و حمل متاثر ہونے کا امکان ہے۔ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرینگر میںدرجہ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میںمنفی 6.9 ،گلمرگ میں 7.2 ، قاضی گنڈ میں 0.2 ،کپواڑہ قصبہ میں پارہ منفی 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ پر ٹھہرا اور جموں میں 6.1اور لداخ کے لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 13.6 ڈگری اور منفی 14.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ادھرکرناہ کپوارہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے 6روز بعد بحال کر دیا گیا۔شاہراہ پر 5 فٹ برف جمع ہے ۔شاہراہ کی بحالی کے بعد سینکڑوں مسافر اور مریض کپوارہ پہنچے ۔معلوم رہے کہ حکام نے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کی تھی، تاہم اس خطرے کے باوجود بیکن نے 53کلو میٹر سڑک کی بحالی کا کام انجام دیاگیا۔جمعہ کی شام بیکن نے سڑک کو بحال کیا تاہم خونی نالہ کے مقام پر دوبارہ چار کلو میٹر کے دائرے میں متعدد برفانی تودے گر آئے جس کی وجہ سے ایک بار پھر اس شاہراہ کو بند کرنا پڑا ،تاہم ب آج صبح شاہراہ کی بحالی کیلئے کامیاب کارروائی کی گئی۔ انتظامیہ نے سنیچر کو کرناہ سے کپوارہ تک یکطرفہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی تھی ۔