سرینگر //وادی میں 70دنوں پر محیط سلسلہ’ چلہ خاندان‘ کا اقتدار آج ختم ہو گیا ۔رواں سال اگرچہ چلہ کلان اور چلہ خورد نے اپنے تیور نرم رکھے ،لیکن چلہ بچہ نے آتے ہی دانت دکھانے شروع کئے اور جاتے جاتے بھی عوام کو سردی میں دھکیل کر گیا۔ ہر سال دسمبر کی 21تاریخ کو شروع ہونے والا چلوں کا سلسلہ آج رخصت ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال چلہ کلان کے 40روز کے دوران 4بار برف باری کے متعلق ایڈوائزی جاری کی گئی، جس دوران قریب 15دن تک وقفے وقفے سے برف باری اور بارشیں ہوئیں جبکہ چلہ کلان میں9بار جموںسرینگر شاہراہ بند ہوئی۔ 139پروایزیں منسوخ ہوئیں 6روز تک ہوائی اڈے پر پروازوں میں خلل پڑا۔5بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔سرحدی علاقوں کی سڑکیں 12دن تک بند رہیں ،جبکہ مغل روڑ ، سنتھن ٹاپ ،سرینگر لداخ اور بانڈی پورہ گریز سڑکیں مسلسل 2جنوری سے بند ہیں۔2جنوری سے 9جنوری کے دوران ہونے والی برف باری کے دوران محکمہ بجلی کے 13سو فیڈر متاثر ہوئے اور300بجلی ٹرانسفارمروں کو نقصان پہنچا جبکہ محکمہ بجلی کے ملازمین کو 25گھنٹے بجلی سپلائی کی بحالی میں لگ گئے۔چلہ خورد نے اپنے تیور نرم رکھے۔ان 20دنوں میں 2بار، 15اور16فروری اور 18اور19فروری کو برف باری کیلئے ایڈوائزی جاری کی گئی تاہم اس دوران پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ درجہ حرارت میں بھی بہتری آئی۔تاہم 10روزہ چلہ بچہ نے آتے ہی اپنے تیور دکھائے اور پیر پنچال کے آر پار بھاری برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں شاہراہ ابھی تک بند ہے جبکہ وادی کے تمام سرحدی علاقوں کی سڑکیں بند ہیں ۔22اور23فروری کو ہونے والی برف باری کے نتیجے میں 5رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ایک خاتون زخمی ہوئی، 6اہل خانہ کو بچایا گیا، 6شکارے اور ایک ہاوس بورڈ تباہ ہوائے۔کشمیر یونیورسٹی اور کلسٹر یونیورسٹیوں نے امتحانات ملتوی کئے اور سرینگر کے ہوائی اڈہ سے 48پروازیں منسوخ ہوئیں ۔ٹرین اور جموں شاہراہ بھی بند رہی ۔بجلی کے 6ٹرانسمیشن ٹاور تباہ ہوئے جبکہ جگہ جگہ بجلی کے کھمبے اور تاریں زمین پر گریں۔ چلہ بچہ کے تیور اتنے سخت تھے کہ بجلی کا ترسیلی نظام ابھی تک بحال نہیں ہو رہا ہے جبکہ جموں سرینگر شاہراہ کے بحالی میں بھی رکاوٹیں آرہی ہیں یہی نہیں بلکہ سرحدی علاقوں کی سڑکیں ابھی تک نہیں کھل سکیں ہیں اور سرحدی علاقے صدر مقامات سے منقطع ہیں ۔ اس دوران محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں یکم مارچ تک موسم ابر الود رہے گا تاہم دو اور تین مارچ کو کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
’چلہ ٔخاندان‘ کا70روزہ اقتدار ختم
