سرینگر // وادی میں چلہ خورد میں موسم میں تبدلی رونما ہوئی ہے اور دن میں دھوپ نکل آنے اور گرمی کی تمازت بڑھ جانے سے موسم انتہا ئی خوشگوار ہو گیا ہے۔ چلہ کلان کے رخصت ہونے کے بعد یکم فروری کو چلہ خوردکی آمد ہوئی۔دسمبر اور جنوری کی شدید سردی اور بر فباری سے عوام کو راحت ملی ہے ۔ ا بھی چلہ خورد اپنے دامن میں دھوپ کی تمازت لے آیا ہے۔آج سرینگر کے بیشتر مقامات پر لوگوں کو کانگڑی اور فرن کے بغیر دیکھا گیا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے منگل کو ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ آئندہ 10روز تک موسم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی گی۔ وادی میں پچھلے کچھ دنوں سے موسم خوشگوار ہوا ہے اور دن میں دھوپ بھی نکل آتی ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر اور وادی کے متعدد علاقوں میں اگرچہ سوموار اور منگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا لیکن یخ بستہ ہواؤں کا زور تھمنے سے لوگوں کو ہر گذرتے دن کے ساتھ راحت نصیب ہو رہی ہے اور دن کے درجہ حرارت میں بھی بہتری واقع ہوئی ہے ۔محکمہ کے مطابق سرینگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کا درجہ حرارت 9.0ڈگری تک جا پہنچا ۔ قاضی گنڈ میںشبانہ درجہ حرارت منفی3.4اور زیادہ سے زیادہ 9.2درج کیا گیا۔ سیاحتی مقام پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی4.0اور دن کا 8.6ڈگری رہا ۔گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0اور دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 5.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔کپوارہ میں رات کا درجہ حرارت منفی 1.8اوردن کا 11.2ڈگری رہا ۔