سرینگر +بڈگام// وسطی کشمیرکے ضلع بڈگام میں نوہار چرار شریف میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تلاشی کارروائی کے دوران فائرنگ کا زوردار تبادلہ ہوا جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوج کا ایک اہلکار شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔ادھر نوگام بائی پاس پر لسجن پل کے قریب فورسز کی گشتی پارٹی پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس دوران آرونی بجبہاڑہ میں فورسز کیمپ پر رائفل گرینیڈ داغا گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔
چرار شریف
پولیس کے مطابق 53 آر آر ، سی آر پی ایف 181 بٹالین اورپولیس کے سپیشل آپریشن گروپ بڈگام کی مشترکہ ٹیم نے چرار شریف سے ملحقہ نوہار بستی میں جنگجوؤں کے موجودہونے کی اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی۔ اس موقع پر مخصوص ٹھکانے کے نزدیک پہنچتے ہی چھپے ہوئے جنگجوئوں نے فورسز پر حملہ کردیا۔اسکے ساتھ طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔ فورسز نے گھیرا مزید سخت کردیاہے اور پولیس کو خدشہ ہے کہ بستی میں دو یا تین جنگجو موجود ہیں۔ شام کے وقت معرکہ آرائی شروع ہونے کے بعد علاقے میں فورسز نے روشنی کا انتظام کردیا ہے۔ابتدائی طور پر فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نوین کمار کو گولیاں لگیں اور وہ زخمی ہوئے جنہیں بادامی باغ فوجی اسپتال میںداخل کیا گیا۔
نوگام، بجبہاڑہ
نوگام سرینگر میںایک مرتبہ پھر جنگجوئوں نے سی آر پی ایف کی ایک گشتی پارٹی کو نشانہ بناکر اندھادھند گولیاں چلائیں۔ جنگجوئوں نے پیر کی صبح ساڑھے 10بجے کے قریب سرینگر کے نوگام بائی پاس پر لسجن پل کے نزدیک 110بٹالین سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر گولیاں چلائیں۔ اس موقعہ پر طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم اس واقعہ میں کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔ واقعہ کے فوراً بعد فورسز کی اضافی کمک کے علاوہ 50 آر آر اور پولیس ٹاسک فورس نے نزدیکی مکانوں کی تلاشی لی اور اہل خانہ سے اس بارے میں پوچھ تاچھ بھی کی ۔واضح رہے کہ اس سے قبل جنگجو ئوںنے نوگام چوک میں پولیس کی ایک ناکہ پارٹی پر گولیاں چلائی تھیں جس میں پولیس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔دریں اثناء بجبہاڑہ میں 90بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر شام دیر گئے جنگجوئوں نے رائفل گرینیڈ داغا جو کیمپ کے نزدیک زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔اس موقعہ پر فورسز اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی۔ بعد میں نزدیکی بستی میں تلاشیاں لی گئیں۔