سرینگر/بلال فرقانی/ پی ڈی پی کے باغی لیڈروں کی جانب سے ایک بار پھر جماعت میں شرکت کرنے کیلئے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پیپلز کانفرنس لیڈر یاسر ریشی نے کہا کہ پی ڈی پی کوئی جنت نہیں ہے،جس میں جانے کیلئے سب تیار ہیں۔سرینگر میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یاسر ریشی نے محبوبہ مفتی کے اس بیان کو جھوٹ،لغو اور فریب قرار دیا۔ ریشی نے کہا’’محبوبہ مفتی کے دعوے مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں، اگر کوئی ان سے پی ڈی پی میں دوبارہ شامل ہونے کی درخواست کر رہا ہے تو انہیںاس کا نام لینا چاہئے‘‘۔انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ پر دوغلی سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا’’ محبوبہ مفتی نے ہمیشہ کشمیر اور کشمیریوں کو تباہ کیا اور الگ تھلگ چھوڑ دیا چاہے وہ بی جے پی اتحاد ہو یا اس کے 2016کے متنازعہ بیانات‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی محبوبہ کی وجہ سے نہیں بلکہ کارکنوں کی وجہ سے بلندیوںتک پنچ گئی اور اس میں کسی خاص شخص کا کوئی ہاتھ نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ غلط تصور ہے کہ سابق پی ڈی پی لیڈروںنے کسی کے اشارے پر پارٹی کوچھوڑ دیالیکن حقیقت یہ ہے کہ پی ڈی پی کو ختم کرنے کی واحد ذمہ دار خود محبوبہ مفتی ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے خاندان کے ایسے لوگوں کو راغب کیا جو لفظی طور پر سیاست کو نہیں جانتے تھے۔ ریشی نے کہا کہ کچھ سیاسی لیڈران علیحدگی پسندوں کے موقف اور سیاست کو اپنا رہے ہیںحالانکہ ان ہی سیاست دانوں نے علیحدگی پسند لیڈروں کو انکے موقف پر اس وقت عتاب کا نشانہ بنانے میں کوئی کثرنہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کو ان سیاستدانوں کی حمایت نہیں کرنی چاہئے جو اپنے مفادات کے لئے کشمیر کے عام لوگوں کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہیں۔
پی ڈی پی کوئی جنت نہیں:یاسر ریشی
