پونچھ/ پی ڈی پی کارکنان پونچھ کا ایک اجلاس زیر صدارت ضلع صدر شمیم ڈار منعقد ہواجس میںپلیرہ کے مقام پر بس حادثے میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیاگیا۔اس دوران پی ڈی پی کے ضلع صدر شمیم ڈار نے کہا کہ مہلوکین کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں اورلواحقین کے ساتھ ہمدردی ظاہرکرتے ہیں۔اس دوران انہوں نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ مرکزی سرکار کے اشارے پر لداخ کو الگ صوبہ کا درجہ دینے کے حوالے سے بات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے انکار نہیں کرتے ہیں کہ لداخ کو الگ صوبہ کادرجہ دیا جائے لیکن اس سے قبل خطہ پیر پنجال جوکہ لداخ سے بہت بڑا علاقہ ہے اسے صوبہ کا درجہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پی ڈی پی اس حق کے لئے پوری طرح سے ایک منظم تحریک شروع کرے گی۔اور اس بنیادی حق کے لئے جدوجہد کرے گی۔انہوں نے تمام پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں متحرک ہو کر اس تحریک کا حصہ بنیں اور اپنے حق کے لئے آواز بلند کریں۔