بانہال//پی ڈی پی پرآرایس ایس کے ایجنڈے کوعملانے کاالزام عائدکرتے ہوئے سینئرلیڈرنیشنل کانفرنس اورضلع صدررام بن سجادشاہین نے کہاہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت ریاست جموں وکشمیرکے خصوصی درجے کوزک پہنچانے کیلئے ہرممکن کوشش کررہی ہے ۔ان خیالات کااظہارسجادشاہین نے بانہال میں پارٹی دفترکاافتتاح کے موقعہ پرورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرقانون سازاسمبلی میں آٹانومی کی قراردادپاس ہونے کے بعدپیپلزڈیموکریٹک پارٹی کونیشنل کانفرنس کوختم کرنے کیلئے وجودمیں لایاگیا۔انہوں نے کہاکہ قلم دوات والی پارٹی (پی ڈی پی )کہاں سے پیداہوئی یہ بات قابل غور ہے ۔انہوں نے کہاکہ جیسے ہی نیشنل کانفرنس نے ریاستی اسمبلی میں آٹانومی قرارداد پاس کی اس کے چندہی مہینوں بعد پی ڈی پی کووجودمیں لایاگیاجس کامقصد نیشنل کانفرنس کوختم کرناتھالیکن اللہ تعالیٰ نے نیشنل کانفرنس کوقائم رکھا۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں ریاست کے دشمنوں نے ریاست کے خلاف مختلف مذموم منصوبے تشکیل دیئے اورجموں وکشمیرکے لوگوں کوتقسیم کرنے کیلئے ہرمحلے میں کشمیریوں کی متحدہ آوازکوتقسیم کرنے کیلئے اپنائے گئے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں مذاہب، خطوں اورذاتوں اورطبقوں میں تقسیم کیاگیاہے جوآج ہرجگہ نظرآتی ہے۔شاہین نے دفعہ 35A کوچیلنج کرنے کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ دفعہ ،ریاستی اسمبلی کوریاست جموں وکشمیرکے شہریوں کی حیثیت کی وضاحت کرنے کیلئے طاقت بخشتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہمیں اپنی شناخت کوبرقراررکھنے کیلئے خطرات لاحق ہیں ۔شاہین نے پارٹی ورکروں سے کہاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیاریاں کریں اورپارٹی کوزمینی سطح پرمضبوط کریں۔انہوں نے کہاکہ اگرہمیں اکثریت والی واحدپارٹی بن کراُبھرناہے توہمیں بہترطریقے سے کام کرناہوگا۔اس دوران کانگریس، پی ڈی پی اوربی جے پی سے کنارہ کشی کرکے متعددلوگوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیارکی جن میں بلاک سیکریٹری کانگریس محمداقبال گنائی،اس کے ساتھی ودیگران شامل ہیں۔سینئرنائب صدرعطامحمدکٹوچ ،ضلع نائب صدور محمدافضل وانی ،سیف الدین ڈار، بہاراحمد نائیک، محمدافضل خان، حاجی جی ایم بیگ، تحصیل صدرغلام حسن نائیک، بلاک صدورحاجی عبدالاحد شان، محمدخلیل سوہل، ریاض احمد میر، نثاراحمد سوہیل، غلام رسول ڈینگ، محمداشرف نائیک کے علاوہ ایڈوکیٹ مجتبیٰ ایتو، طارق احمدڈار، ایڈوکیٹ افیاگیری، شیخ مختیاراحمد ، منظوراحمد، عبدالشیخ ، رئیس احمدمیر، مشکوردرابوودیگران بھی موجودتھے۔