سرینگر//پریس کونسل آف اِنڈیا( پی سی آئی) کی تین رُکنی سب کمیٹی جو اِن دنوں کشمیر کے چار روزہ دورے پر ہے ،نے کل کشمیر پریس کلب( کے پی سی) کا دورہ کیا اور کلب کے ممبران کے ساتھ بات چیت کی۔کے پی سی کے صدر شجاع الحق نے کلب کے ممبران کی موجودگی میں پی سی آئی ٹیم کے ساتھ بات چیت کی اور وادی میں میڈیا سے تعلق رکھنے والے اَفراد کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اپنے درپیش مسائل کا حل نکالنے کے بارے میں پی سی آئی ٹیم کی مداخلت طلب کی۔تین اَرکان پر مشتمل پی سی آئی کی سربراہی بلویندر سنگھ کر رہے ہیں اور اس ٹیم میں کمل نائین نارنگ اور سیّد رضا حسین رضوی بھی شامل ہیں ۔ ٹیم نے جن میڈیا انجمنوں سے ملاقات کی اُن میںجرنلسٹس ایسو سی ایشن آف کپواڑہ ، جے اینڈ کے میڈیا ایسو سی ایشن کے علاوہ دیگر سینئر صحافیوں نے پی سی آئی سب کمیٹی کے ساتھ ملاقات کی۔ پی سی آئی ٹیم نے اُن سے ملنے آئے صحافتی وفود کے معاملات غور سے سنے اوراُن کو مناسب سطح پر اُٹھانے کا یقین دِلایا۔