پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کا سرینگر میں احتجاج

یو این آئی

سرینگر//محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کے عارضی ملازمین نے منگل کو یہاں اپنے مطالبات خاص طور پر تنخواہوں کی واگذاری کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاجی ملازمین نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر پی ایچ ای ڈیلی ویجرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ’’ سرکار نے ہماری تنخواہوں کو روک رکھا ہے جس کی وجہ سے ہم سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوگئے‘‘۔انہوں نے کہا’’ ہمیں سڑکوں پر آنے کا کوئی شوق نہیں ہے لیکن سرکار ہمیں ایسا کرنے پر مجبور کرتی ہے‘‘۔موصوف صدر نے کہا کہ سرکار سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہماری تنخواہوں کو واگزار کیا جائے اور جو وعدہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں کیا ہے اس کو عملی جامہ پہنائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے سوا دوسرا کوئی چارہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سال 2018 میں ساتواں تنخواہ کمیشن لاگو کیا گیا اس حساب سے ایک عارضی ملازم کی ماہانہ تنخواہ 18 ہزار سے 26 ہزار ہونی چاہئے لیکن ان کے تنخواہوں میں بہت کم اضافہ کیا گیا۔