پی ایچ ای ورکروں کی احتجاجی ریلی

راجوری //آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈروں ، سی پی ورکروں اور لینڈ کیس ورکروں کی طرف سے راجوری میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کاسلسلہ جاری ہے ۔ اس دوران ان ملازمین نے راجوری میں ایک احتجاجی ریلی نکالی جو گوجر منڈی سے ہوتے ہوئے پنجہ چوک پہنچی جہاں احتجاجی دھرنا دیاگیا۔مظاہرین نے محکمہ پی ایچ ای کے افسران کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ان کے جائز مطالبات پورے نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے ان کا گھر یلو نظام درہم برہم ہوکر رہ گیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں کئی ماہ سے تنخواہ نہیں ملی جس وجہ سے وہ نہ تو بچوں کی سکول فیس ادا کرپائے ہیں اور نہ ہی گھرکی دیگر ضروریات پوری ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان سے کئی برسوں سے کام کروایاجارہاہے تاہم محکمہ نہ ہی مستقل ملازمت کے دائرے میں لاتاہے اور نہ ہی وقت پر تنخواہیں ادا کرتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ان کے ساتھ انتہائی درجہ کی ناانصافی ہورہی ہے اور ان کے حقوق سے کھلواڑ کیاجارہاہے۔انہوں نے انتباہ دیاکہ مطالبات پورے ہونے تک ان کی طرف سے احتجاج جاری رہے گااور آئندہ دنوں اس میں مزید شدت لائی جائے گی ۔