عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل)نے تمام دلچسپی رکھنے والے سولر پنیل فروشوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر ڈویژن میں پی ایم سوریہ گھر( مفت بجلی یوجنا) کے نفاذ کے لیے فوری طور پر خود کو فہرست میں شامل کریں۔کے پی ڈی سی ایل نے اب تک فلیگ شپ سکیم کے تحت نیشنل پورٹل پر 2000 سے زیادہ باضابطہ درخواستیں اور 4000 سے زیادہ رجسٹریشن حاصل کی ہیں۔ادھر چیف سیکریٹری اتل ڈولو کی صدارت میں مذکورہ محکمہ کی میٹنگ کے دوران اپنی پریزنٹیشن میں، کمشنر سکریٹری سوربھ بھگت نے سرکاری عمارتوں کو 100 فیصد سولرائزیشن کے لیے محکمہ کی طرف سے وضع کردہ نفاذ کی حکمت عملی کی تفصیل دی۔
انہوں نے اس سنگ میل کو پیشہ ورانہ طور پر حاصل کرنے کے لیے محکمہ کی جانب سے قائم کیے گئے ادارہ جاتی سیٹ اپ کے بارے میں بھی مختصر تفصیل بتائی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جے اینڈ کے انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی، 70 میگاواٹ پر عمل درآمد کرے گی جس میں 8792 سرکاری عمارتیں شامل ہیں جس کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔ مزید کہا گیا کہ JAKEDA، RESCO موڈ کے تحت، 7039 عمارتوں پر محیط 175 میگاواٹ بجلی بنانے پر غور کر رہی ہے جس کے لیے ٹینڈر دستاویز اور PPA کی جانچ محکمہ خزانہ نے کی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ بتایا گیا کہ NHPC، RESCO موڈ کے تحت، 2838 عمارتوں پر محیط 63 میگاواٹ شمسی توانائی کی پیداوار کو انجام دے گی۔ کہا گیا کہ این ایچ پی سی نے اس کے لیے ایس پی وی بنایا ہے۔ ایجنسی UT میں موجود تمام مرکزی حکومت کی عمارتوں کا بھی احاطہ کر رہی ہے۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ کل 32,016 سرکاری عمارتوں میں سے 22,494 کو سولرائزیشن کے لیے قابل عمل پایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، 17 فیصد عمارتیں پہلے ہی JAKEDA کے ذریعے مکمل کی جا چکی ہیں، جو کہ UT کو قومی سطح پر سرفہرست کارکردگی دکھانے والوں میں شامل کر چکی ہے۔ادھر پیر کوجاری ایک پریس ریلیز میں، کے پی ڈی سی ایل ترجمان نے سولر پنیل فروشوں کو مشورہ دیا کہ وہ کارپوریشن کی آفیشل ویب سائٹ دیکھیں جہاں اظہار دلچسپی کا دستاویز پیش کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا”وینڈر پینلمنٹ ابھی تک لائیو ہے۔ ایک بار جب ان کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے، اس سکیم کو باضابطہ طور پر شروع کیا جائے گا، جس سے مطلوبہ مستفیدین کو سرکاری سبسڈی کا فائدہ ملے گا،” ۔کارپوریشن نے دکانداروں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سرینگر میں چیف انجینئر(ڈسٹری بیوشن)کے دفتر سے رجوع کریں تاکہ ان کی فہرست سازی میں آسانی ہو۔اسکیم کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے، ترجمان نے کہا کہ پی ایم سوریہ گھر( مفت بجلی یوجنا )کے تحت، فائدہ اٹھانے والے کو ایک کلو واٹ پاور پلانٹ کیلئے 33,000/- روپے سبسڈی ملے گی۔اسی طرح 2کلو واٹ پر 66,000/- روپے تک اور 3کلو واٹ تک85,800/-روپے تک سبسڈی ملے گی۔کے پی ڈی سی ایل رواں مالی سال کے دوران پی ایم سوریہ گھر سکیم کے تحت 2500 شمسی چھتوں سے مستفید ہونے والوں کا نشانہ مقرر کررہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ 2027 تک KPDCL اس سکیم کو پورے کشمیر ڈویژن میں 33,300 مستفیدین تک بڑھا دے گا۔