عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ہائی کورٹ نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جاری کیے گئے چار نظربندی کے احکامات کو رد کر دیا ہے اور نظر بندوں کو فوری طور پر رہا کرنے کی ہدایت دی ہے۔جسٹس سنجے دھر نے توصیف احمد پرے، جہانگیر احمد ملک، توصیف احمد شیخ اور محمد اسحاق تانترے کے خلاف پی ایس اے کے احکامات کو منسوخ کردیا، جنہیں بالترتیب بارہمولہ، شوپیان، کولگام اور اننت ناگ میں حراست میں لیا گیاتھا۔ انہیں ریاست کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔اپنے فیصلے میں، جسٹس دھر نے پایا کہ پرے، ملک اور شیخ کی طرف سے کیے گئے دعوے کہ انہیں وہ تمام مواد فراہم نہیں کیا گیا تھا جس پر نظر بند حکام نے بھروسہ کیا تھا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہ احتیاطی حراستی قوانین کے من مانی استعمال کے خلاف ضروری حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، جس سے ان کے نظربندی کے احکامات قانونی طور پر غیر پائیدار ہیں۔