راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے ایک پانچ رکنی وفد نے گزشتہ روز نئی دلی میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر اور دوسرے سفارت کاروں سے ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم کی قیادت میں اس وفد نے نئی دلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود اور ڈپٹی ہائی کمشنر سید حید ر شاہ اور دوسرے سفارت کاروں سے تفصیلی ملاقات کی۔سینئر حریت رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے پاکستانی ہائی کمشنر اور دوسرے سفارتکاروں کو جموں کشمیر کے عوام کی جانب سے یومِ پاکستان پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کا بھی کشمیریوں کے تئیں حمایت اور وکالت کرنے کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پیپلز مومنٹ کے چیئرمین نے پاکستانی ہائی کمشنر کو جموں کشمیر کی مجموعی صورتِ حال بالخصوص صوبہ جموں کے سیاسی اور انسانی حقوق کی تازہ ترین صورتِ حال کے بارے میں روشناس کیا۔ بیان کے مطابق پیپلز مومنٹ کے وفد سے گفتگو کے دوران پاکستانی سفیروں نے یقین دلایا کہ پاکستان ہر حال اور ہر قیمت پر جموں کشمیر کے عوام کی مبنی بر صداقت اور پر امن جدو جہد کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔انہوں نے جموں کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس حوالے سے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے رابطہ بنائے ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری زیادہ دیر تک انسانی حقوق کی پامالیوںکے سنگین معاملے پر خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی بلکہ انہیں آگے آ کر اپنا مثبت رول ادا کرنا ہو گا۔