سرینگر // وادی میں تیزی کیساتھ لازمی اشیاء میں کمی ہونے کے باعث صوبائی کمشنر نے پیٹرول،ڈیزل اور رسوئی گیس کے محدود کاٹا کو صارفین میں تقسیم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ علاقوں میں تمام پیٹرول پمپوں کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ ہر ایک گاڑی کو ایک دن کیلئے صرف 3لیٹر پیٹرول فروخت کریں، نیز مسافر گاڑیوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں ،ٹرکوں کو ایک دن میں صرف 10لیٹر ڈیزل مہیا کریں۔اسکے علاوہ تیل سپلائی کرنے والی کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پیٹرول پمپوں کو یومیہ صرف 1000لیٹر ڈیزل اور پیٹرول مہیا کریںجبکہ سرکاری گاڑیوں، ایمبولنسوں، واٹر ٹینکروں اوربرف صاف کرنے کی مشینوں کیلئے پیٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کرکے رکھیں۔اسکے علاوہ رسوئی گیس کی فراہمی بھی محدود کی جائے۔ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ تیل کمپنیوں سے روزانہ کی بنیاد پر سپلائی کی جارہی اشیاء کا حساب لیں۔