بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے ریشی پورہ ہانجی ویرہ پٹن علاقے کے لوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا ۔دھرنے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔انہوں نے سوموار کو سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیاجس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمدو رفت میں خلل پڑا۔ مظاہرین نے کہا کہ علاقہ پچھلے کئی ہفتوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کے نتیجے میں انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو ندی نالوں کا گندہ پانی پینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر تحصیلدار پٹن شیخ صلاح الدین او ر ایس ایچ او نثار احمد پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو علیٰ حکام تک پہنچائیں گے جس کے بعدمظاہرین پر امن طور منتشر ہوئے۔ تاہم لوگوںنے حکام کو آگاہ کیا کہ اگر ان کا مسئلہ حل نہیں ہوا تو وہ ایک بار پھر احتجاج کریں گے اور اس کی تمام زمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی۔