کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے ماگام ہندوارہ میں لوگو ں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف جل شکتی محکمہ کے خلاف زور دار احتجاج کیا ۔ہفتہ کے روز ماگام کے مضافاتی گائوں آشکن پورہ واگٹ کے مردوزن ویلگام ہندوارہ سڑک پر نکل آئے اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کو لیکر زور دار احتجاج کیا جس کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی نقل وحمل متاثر رہی۔ احتجاج میں شامل لوگو ں کا کہنا ہے کہ مذکورہ گائو ں میں کئی ماہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگو ں کو پینے کے پانی کے حوالہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پرتا ہے اور لوگ ندی نالو ں سے گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔احتجاجی لوگو ں کا مزید کہنا ہے کہ آشکن پورہ میں پانی کی قلت کا معاملہ کئی بار جل شکتی محکمہ کے حکام کی نو ٹس میں لایا لیکن تاحال کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں واٹر سپلائی سکیم کے باجود بھی لوگوں کو معقول پانی فراہم نہیں کی جاتی ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین کہیں بھی نظر نہیں آتے ۔اس دوران پولیس کی ایک ٹیم وہا ں پہنچ گئی اور احتجاج میں شامل لوگو ں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے معاملہ متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں لائیں گے جس کے بعد ویلگام ہندوارہ سڑک کو گاڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بحال کر دیا گیا ۔
پینے کے پانی کی عدم دستیابی | ماگام ہندوارہ میں جل شکتی محکمہ کیخلاف احتجاج
