گاندربل//صفاپورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پچھلے چار روز سے پانی کی قلت کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔صفاپورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو مانسبل جھیل کے کنارے واقع کولہ پورہ فلٹریشن پلانٹ سے پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔پچھلے چار روز سے کولہ پورہ،مین مارکیٹ،بٹہ پورہ،رنگر محلہ،شیخ محلہ،وانی محلہ،درزی محلہ،برکتی محلہ،چک محلہ،میر آبادی سمیت دیگر محلوں میں پانی کی سخت قلت ہے اورمقامی لوگوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔مقامی شہری امتیاز احمد نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے چار روز سے پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میںعلاقے کی خواتین کو پورے دن جامع مسجد کے صحن میں موجود چشمہ سے پینے کاپانی حاصل کرنا پڑرہا ہے جبکہ فلٹریشن پلانٹ سے جل شکتی محکمہ پانی فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکا ہے۔ جل شکتی محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر غلام رسول لہروال نے کہا کہ محکمہ میں تعینات عارضی ملازمین کی ہڑتال کے سبب کئی مشکلات درپیش ہیں۔صفاپورہ کو پانی کی فراہمی کولہ پورہ فلٹریشن پلانٹ سے ہورہا ہے جس میں کچھ تیکنیکی خرابی کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہوگئی تھی ،اسے ٹھیک کیا جارہا ہے‘‘۔