پیر پنچال میں موسلادھار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم

سمت بھارگو
 راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع کے بیشتر حصوں میں ہفتہ کے روز ہونے والی موسلادھار بارش سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی اور کچھ ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔عہدیداروں نے بتایا کہ جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ کے متعدد علاقوں میں ہفتہ کی صبح کے اوقات میں شروع ہونے والی شدید بارش سنیچر کی شام تک جاری رہی جس کی وجہ سے عام زندگی بُری طرح سے متاثر ہو کر رہ گئی ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری اور پونچھ کے زیادہ تر شہری علاقوں میں گندے نالوں کی وجہ سے بارش کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں آگیا جس کی وجہ سے سڑکوں پر صرف چار پہیہ گاڑیاں چلتی نظر آئیں اور دو پہیہ والوں نے سڑکوں پر چلنے سے پرہیز کیا ۔اس کے علاوہ شہر کے علاقوں میں بھی بارش کا پانی کئی دکانوں میں داخل ہونے سے دکانوں کی املاک کو نقصان پہنچا۔موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش سے کئی علاقوں میں بجلی بھی متاثر ہوئی۔راجوری اور پونچھ سمیت جڑواں اضلاع کے بالائی علاقوں میں برف باری بھی ہوئی جو کہ گرمیوں کے موسم کی دوسری برف باری ہے، پیر کی گلی کے قریب کے علاقوں میں بھی برف باری ہوئی۔پونچھ منڈی کے علاقے اعلیٰ پیر میں شدید بارش کے بعد کیچڑ اور لینڈ سلائیڈ سے علاقے میں گھروں اور کاروباری املاک کو نقصان پہنچا اور لوگوں نے اپنے آپ و اپنے کاروبار کو سلائیڈ سے بچانے کے لئے سخت جدوجہد کی۔غور طلب ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے خطہ پیر پنچال میں گرم اور خشک موسم کی وجہ سے عام زندگی کیساتھ ساتھ فصلیں بھی متاثر ہورہی تھی تاہم بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے تاہم فصلیں بار ش سے بھی متاثر ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں ۔سرکاری حکام کے مطابق جڑواں اضلاع میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

 

پسی گر آنے سے رابطہ سڑک بند ہو گئی 

جاوید اقبال 

مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژ ن میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے جہاں عام زندگی متاثر ہو ئی ہے وہائیں سب ڈویژن کی حد متارکہ اور تار بندی کے اندر آباد2پنچایتوں کی واحد رابطہ سڑک پسی گر آنے کی وجہ سے بند ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تحصیل بالا کوٹ میں تار بندی اور صفر لائن کے درمیان آباد لوگوں کی آمد ورفت آسان بنانے والے واحدرابطہ سڑک بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے اب ایک وسیع آبادی کی نقل و حرکت شدید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ رابطہ سڑک کی ہی مدد سے علاقہ مکین مریضوں و حاملہ خواتین کو ہسپتال پہنچانے کیساتھ ساتھ روز مرہ کی دیگر ضروریات زندگی مہیا کرتے ہیں تاہم اس کے بند ہونے کی وجہ سے ان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ۔سماجی کارکن ظہیر خان نے دیگر پنچایتی اراکین کیساتھ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

 

 نوشہرہ کے ندی نالوں میں طغیانی ،1گاڑی بہہ گئی 

رمیش کیسر 

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں ہونے والی طوفانی بارش سے جہاں لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا وہائیں ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پید ا ہوگئی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ نوشہرہ سب ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں دو گھنٹوں تک شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے جہاں لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے وہائیں لوگوں کی مکئی و دھان کی تازہ بوائی کی گئی فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں ۔خطہ میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے مناور ندی میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی جس کی وجہ سے ایک ڈمپر بھی پانی کی زد میں آگیا تاہم اس کاڈرائیور بچنے میں کامیاب ہو گیا ۔نوشہرہ سب ڈویژن کے دیگر نالوں میں بھی پانی کا بحا ئو اچانک تیز ہو گیا تاہم اس دورا ن کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔

 

 تحصیل کمپلیکس سرنکوٹ کی عمارت غیر محفوظ 

پانی داخل ہونے سے ملازمین و عام لوگ بھی متاثر 

بختیار کاظمی

سرنکوٹ//کورٹ و تحصیل کمپلیکس سرنکوٹ کی عمارت انتہائی خستہ ہوتی جارہی ہے جبکہ بارشوں کا پانی بھی عمارت کے صحن میں بڑے پیمانے پر جمع ہو جاتا ہے جو کہ جہاں ملازمین و عام لوگوں کی آمد ورفت کیلئے دقتیں پیدا کرتا ہے وہائیں عمارت کی بنیادیں مزید کمزور کررہا ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر 1980کے دوران عمل میں لائی گئی تھی لیکن مذکورہ عمارت صرف پتھر اور سیمنٹ سی تعمیر کی گئی ہے اور اس میں لوہے کا استعمال بالکل بھی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عمار ت اب عام لوگوں کیساتھ ساتھ مذکورہ کمپلیکس میں تعینات ملازمین کیلئے ایک بڑا خطرہ بنتی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمارت میں نکاسی آب نظام مکمل مفلوج ہو چکا ہے جس کی وجہ سے معمولی بارش کے بعد بھی عمارت کے صحن میں کئی دنوں تک پانی جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں و ملازمین کا داخلہ ممنوع ہو جاتا ہے ۔ درحقیقت یہ عمارت پہلے ہی 2005 میں آنے والے زلزلے کی وجہ سے کافی حد تک متاثر ہو چکی ہے جبکہ تین منزلہ عمارت 30سے زائد کمروں پر مشتمل ہے جس میں بہت سے سرکاری دفاتر قائم ہیں ۔ان میں ایڈیشنل موبائل مجسٹر یٹ ،ایس ڈی ایم دفتر ،تحصیلدار اور نائب تحصیلدار کا دفتر وغیرہ اہم ہیں جہاں پر روزانہ کی بنیادوں پر لوگوں کی بڑی تعداد آتی جاتی رہتی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کی مرمت کے سلسلہ میں جلدازجلد عملی بنیادوںپر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے قبل ہی احتیاطی اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔

 

 

منڈی میں طوفانی بارش سے سیلابی صورتحال 

کئی ڈھانچوں ،تعلیمی اداروںورہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا

عشرت حسین بٹ

منڈی//سنیچر کی صبح تحصیل منڈی میں موسلا دار بارشوں کی وجہ سے بھاڑ جیسی صورتِ حال پیدا ہوئی جس کے دوران رہائشی علاقوں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے کئی رہائشی مکانات ،سکولی عمارتو ں و دیگر ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ۔قصبہ کے اعلیٰ پیر علاقہ میں کئی ڈھانچے زیر آب تھے ادھر علاقہ کے ندی نالوں میں بھی طغیانی میں اضافہ ہوا البتہ اس دوران کسی بھی جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ۔سنیچر کو پورے ضلع پونچھ کی طرح تحصیل منڈی میں بھی شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے بلاک لورن میں سرکار کی جانب سے قایم کردہ کے جی بی وی سکول کی عمارت میں پانی گھس گیا اور اسی وقت سکول انتظامیہ نے سکولی بچوںکو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ۔جی وی بی کی وارڈن ناہدہ اختر نے اس حوالے سے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ان کے سنٹر کے متصل بہہ رہے نالے میں شدید بارش کی وجہ سے پانی کا بہائو تیز ہو گیا جس کی وجہ سے سنٹر کی دیوار ٹوٹ گئی اور پانی سنٹر میں داخل ہو گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پانی کا بہاو اتنا تیزتھا کہ انہیں سنٹر کی طالبات کو محفوض جگہوں پر منتقل کرنا پڑا ۔ادھر منڈی صدر مقام کے آعلیٰ پیر علاقے میں بھی بارش کے پانی نے سیلابی صورت اختیار کی جسکی وجہ سے پانی متعدد دوکانوں اور رہایشی مکانوں کے اندر داخل ہو گیا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔