سمت بھارگو
راجوری// خطہ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں اتوار کو مسلسل دوسرے دن ہلکی سے بھاری بارش ہوئی جبکہ بالائی علاقوں میں پہاڑی چوٹیوں کو برف کی ہلکی پرت بچھ گئی جس نے مکینوں کو بھی حیران کر دیا ۔ کشمیر عظمیٰ کے پاس دستیاب اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی صبح شروع ہونے والی بارش اتوار کو بھی کچھ علاقوں میں مسلسل جاری رہی جس کی وجہ سے خطہ میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔اس دوران اتوار کی دوپہر سے شروع ہوئی بارش اتوار کی شام کو خطے کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے موسلادھار بارش ہوئی جو آخری اطلاع موصو ل ہونے تک بھی کچھ علاقوں میں جاری تھی ۔اتوار کو مسلسل دوسرے دن ہونے والی بارش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت دیکھنے میں آئی اور لوگ گھروں کے اندر ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔جڑواں اضلاع میں پہاڑوں کے اوپری حصے میں تازہ برف باری ہوئی جس کی وجہ سے جڑواں اضلاع کے لوگ بھی حیران رہ گئے ۔مقامی لوگوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسا شاہد پہلے کبھی نہیں ہوا ہے کہ جون میں راجوری اور پونچھ کے پہاڑی علاقوں میں مذکورہ نوعیت کی برفباری ہوئی ہو ۔انہوں نے مزید کہا کہ مغل روڈ پر پوشانہ، پیر کی گلی کے علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ہے جبکہ راجوری اور پونچھ کے تقریباً تمام پہاڑی سلسلے جنہیں پیر پنجال پہاڑی سلسلہ کہا جاتا ہے برف باری ہوئی ہے اور وہ برف کی چادر میں ڈھک گئے ہیں۔ڈپٹی ایس پی سرنکوٹ تنویر جیلانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت آسانی سے چل رہی ہے اور محکمہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔