سرینگر//حضرت محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانی غوث العظم پیر دستگیر صاحبؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں آج بڑی تقریبات منعقد ہورہی ہیں ۔ اسلامی کلینڈر کے مطابق عرس پاک کے سلسلے میں11روزہ ایام متبرکہ یکم ربیع الثانی سے شروع ہوئے جس دوران ہر روز عصر سے مغرب تک پیر دستگیر صاحب سرائے بالا میں خصوصی مجالس کا انعقاد ہواجبکہ کوویڈ19کے پیش نظرامسال آستان عالیہ خانیار میںخصوصی تقریبات صبح 9بجے سے دن کے ساڑھے 11بجے تک منعقد ہوتی رہیںاور اسی طرح جناب صاحب صورہ میں بھی مجالس کا انعقاد ہوا۔ عرس مبارک کی بڑی تقریبات آج منعقد ہورہی ہے۔عرس پاک کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب پائین شہر میں واقع قدیم اور تاریخی خانقاہ حضرت پیر دستگیر صاحبؒ خانیار میں منعقد ہوگی۔سرائے بالااور جناب صاحب صورہ میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہونگے اورنماز فجر سے ہی روح پرور مجالس منعقد ہونگی اور نماز جمعہ کے بعد تبرکات کی نشاہدہی ہوگی ۔ان اجتماعات میں وادی کے اطراف و اکناف سے آنے والے زائرین شرکت کرینگے۔عرس کے سلسلے میں پائین شہر کے عالی کدل میں واقع درگاہ غوثیہ رہبابہ صاحب ، زیارت دستگیر صاحب نادی ہل بانڈی پورہ اور دوسری خانقاہوں میں بھی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،مفتی اعظم ،انجمن حمایت الاسلام ،جمعیت ہمدانیہ اور حقانی میموریل ٹرسٹ کے گلہائے عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے قطب الآفتاب سید اولیاء پیران پیر حضرت غوث العظم دستگیر صاحبؒ کے عرس مبارک کی تقریب پر مسلمانانِ عالم خصوصاً ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ حضرت پیر دستگیر صاحبؒ کی تعلیم، سیرت، روحانی کمالات تاریخ اسلام میں ایک سنہری باب ہے اور ہمارے لئے مشعل راہ بھی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت غوث العظمؒ نے اسلام کی آبیاری اور سربلندی کیلئے جو تاریخ ساز ملی خدمات انجام دی ہیں، وہ رہتی دنیا تک زندہ جاوید رہیں گی۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے عرس مبارک پر مسلمانانِ عالم خصوصاً ریاست کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت پیر پیران دستگیر صاحبؒ کی تعلیم پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے مشعل راہ ہے۔پارٹی کے جنرل علی محمد ساگر نے ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی کہ سالانہ عرس مبارک کے پیش نظر زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات جن میں پینے کی پانی، بغیر خلل بجلی، صحت وصفائی اور معقول ٹرانسپورٹ کے انتظامات بھی شامل ہیں، صبح وشام دستیاب رکھے جائیں۔ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے چیرمین مفتی ناصر الاسلام نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سید عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ ایک عظیم المرتبت بلند پایہ ولی کامل تھے۔جنکی ایک شاندار تاریخ ہے۔جنہوں نے تو حید و سنت کے چراغ روشن کئے اور لوگوں کو دین حق کی طرف رہنمائی فرمائی۔مفتی اعظم نے کہا کہ ان جیسے اولیاء کرام کی پیروی میں راہ نجات مضمر ہے اور ان کی تعلیمات قیامت تک عالم اسلام کے لئے کامیابی کی ضمانت ہیں۔لہذا آج بھی اس بلند پایہ ولی کامل کی متابعت ہمارے لئے ضروری بنتی ہے۔ادھر زعمائے انجمن حمایت الاسلام بالخصوص صدر مولانا خورشیداحمد قانونگو، سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا عبدالحق اویسی وغیرہ نے کہاکہ آنجنابؒ نے اپنے پُراستعداد خدمات، درس و ہدایات ،وعظ و تبلیغ ، تصنیف و تالیف بالخصوص روحانی کمالات و تصرفات کی بدولت تمام عالم اسلام میں زہد و تقوی کے عروج فرقہ وارانہ اختلافات کو ختم کیا۔مولانا قانگو نے کہا کہ حضرت پیر ؒ اپنے بلند خطابات بطور امربالمعروف والنی عن المنکر سے گمراہ حکمرانوں بدعقیدہ افراد کو راہ راست پر لایا،نفس پرست علماء کو حقیقی ذمہ داریوں کا احساس دلاکر خدمت دین سے جوڑ دیا۔ حضرت پیران پیر کے کرامات حق صادر کے باوجود علم ، تعلیم تربیت اور اسلاف کی خدمات واقعات کو محفوظ کرنے کی صلاحیت ہو تاکہ علماء کیلئے یہ اثاثہ مشعل راہ نصیب ہو۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواظ کشمیر مولانا مولوی ریاض احمد ہمدانی نے عرس مبارک پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حقیقی عقیدت کا رنگ اِسی وقت نکھر کر سامنے آئے گا جب آپؒ کے پاکیزہ اصولوں روحانی قدروں ، سنتوں کی پیروی، تقویٰ شعاری اور زہدوورع کی جملہ خوبیوں کو اپنانے کی کوشش کی جائے گی۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمیداللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت شیخ سید عبد القادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ اولیاء اللہ میں سب سے ممتاز ہستی اور سرخیلِ اولیاء ہیں، انہوں نے دین کے احیا کے لئے جو خدمات انجام دیں وہ تاریخ اسلام میں زرین حروف سے یاد کی جاتی ہیں۔