بانہال // نواحی گائوں کراوہ میں پیر دستگیرشیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کا سالانہ عرس نہایت ہی عقیدت اور احترام سے منایا گیا جس میں وادی کشمیر اور صوبہ جموں کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اننت ناگ اسلام آباد ، دورو شاہ آباد ، ویری ناگ ، کپرن ، قاضی گنڈ اور ضلع رام بن اور صوبہ جموں کے کئی علاقوں سے تعلق رکھنے والے زائرین نے شرکت کی۔ شیخ عبدالقادر جیلانی ؒکے سالانہ عرس کے سلسلے میں پچھلے دس روز سے کراوہ زیارت میں ختمات و معظمات اور درود و اذکار کی شبانہ محفلیں آراستہ کی گئیں جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ بدھ کے روز صبح سے ہی سینکڑوں کی تعداد میں عقیدتمند زیارت دستگیر صاحب کراوہ بانہال پہنچنا شروع ہوئے۔ ا س موقع پرہر نمازکے بعد پیر شیخ عبدالقادرجیلانی ؒسے منسوب تبرکات کی نشاندھی کی گئی جس دوران فضا درود و اذکار اور منقبات سے گونج رہی تھی۔ اس موقع پر انتظامیہ کی طرف سے زائرین کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے تھے جبکہ کراوہ کے لوگوں نے حسب روایت زیارت کرنے کی غرض سے آنے والے عقیدتمندوں کیلئے اپنے اپنے گھروں میں قیام و طعام کے انتظامات کر رکھے تھے۔ امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی طرف سے سخت حفاظتی انتظام کیا گیا تھا۔