پہلے مرحلے کی پولنگ آج ۔ 24نشستوں پر23.27لاکھ رائے دہندگان اہل

حلقہ پانپور میں سب سے زیادہ 14اوربجبہاڑہ میں سب سے کم 3اُمید واروں میں مقابلہ

سرینگر//قانون ساز اسمبلی کے عام اِنتخابات ۔2024کے پہلے مرحلے میں 18؍ ستمبر کو 219 اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ 23.27 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان کریں گے جن میں 5.66 لاکھ نوجوان رائے دہندگان بھی شامل ہیں۔قانون ساز اسمبلی اِنتخابات۔ 2024 کے پہلے مرحلے میں جموں و کشمیر کے سات اَضلاع کے 24 اَسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ان میں صوبہ کشمیر میں اننت ناگ، پلوامہ، شوپیان اور کولگام اور صوبہ جموں میں ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ شامل ہیں۔صوبہ کشمیر میں 16اسمبلی حلقوں کے لئے پانپور، ترال، پلوامہ، راجپورہ، زینہ پورہ، شوپیان، ڈی ایچ پورہ، کولگام، دیوسر، ڈورو، کوکرناگ (ایس ٹی)، اننت ناگ ویسٹ، اننت ناگ سینٹرل، سری گفوارہ۔بیج بہاڑہ ،اننت ناگ ایسٹ( شانگس) اور پہلگام میں ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ صوبہ جموں میں 8 اسمبلی حلقوں کیلئے اندروال، کشتواڑ، پاڈرناگسینی، بھدرواہ، ڈوڈہ، ڈوڈہ ویسٹ، رام بن اور بانہال میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔اِس مرحلے میں تازہ ترین اِنتخابی فہرستوں کے مطابق 23,27,580 لاکھ رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی اِستعمال کرنے کے اہل ہیں جن میں 11,76,462 لاکھ مرد ووٹر، 11,51,058 لاکھ خواتین اور 60 خواجہ سرا ووٹر شامل ہیں۔جمہوریت کو مضبوط کرنے میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے رول کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اسمبلی اِنتخابات کے پہلے مرحلے میں 5.66 لاکھ نوجوان ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔اِس مرحلے میں18 سے 29 برس کی عمر کے 5.66 لاکھ نوجوان ہیں جن میں 18 سے 19 برس کی عمر کے1,23,960 لاکھ رائے دہندگان شامل ہیں۔ اِن میں 10,261 مرد اور 9,329 خواتین رائے دہندگان پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔اِس کے علاوہ 28,309جسمانی طور خاص اَفراد اور 85 برس سے زیادہ عمر کے15,774 رائے دہندگان بھی حصہ لیں گے۔ ضلع اننت ناگ میں 64، ضلع پلوامہ میں 45، ڈوڈہ ضلع میں 27، ضلع کولگام میں 25، کشتواڑ ضلع میں 22، شوپیان ضلع میں 21 اور رام بن ضلع میں 15 اُمیدوار میدان میں ہیں۔کشتواڑ ضلع میں اسمبلی حلقہ اندروال میں 9 اُمیدوار ،کشتواڑ خاص میں 7 اُمیدوار جبکہ اسمبلی حلقہ پاڈر۔ناگسینی میں6 اُمید وار مقابلہ کر رہے ہیں۔ڈوڈہ ضلع میںاسمبلی حلقہ بھدرواہ میں 10 ،ڈوڈہ میں 9 اُمیدوار اورڈوڈہ ویسٹ میں 8 اُمیدوار میدان میں ہیں۔ضلع رام بن میںاسمبلی حلقہ رام بن میں 8 اُمیدوار اوربانہال میں 7 اُمیدوار الیکشن لڑرہے ہیں۔پلوامہ ضلع میں اسمبلی حلقہ پانپور میں 14 اُمیدوار جبکہ ترال میں 9 اُمیدوار،پلوامہ میں 12 اُمیدوار اور اسمبلی حلقہ راجپورہ میں 10 اُمیدوار میدان میں ہیں۔ضلع شوپیان میں اسمبلی حلقہ زینہ پورہ میں 10 اُمیدوار جبکہ اسمبلی حلقہ شوپیان میں 11 اُمید وار الیکشن لڑرہے ہیں۔ضلع کولگام میں اسمبلی حلقہ ڈی ایچ پورہ میں 6 اُمیدوار، کولگام میں 10 اُمیدوار اوراسمبلی حلقہ دیوسر میں 9 اُمیدوار میدان میں ہیں۔ اننت ناگ ضلع میں اسمبلی حلقہ ڈورو میں 10 اُمیدوار ، اسمبلی حلقہ کوکرناگ (ایس ٹی) میں 10 اُمیدوار، اسمبلی حلقہ اننت ناگ ویسٹ میں 9 اُمیدوار، اسمبلی حلقہ اننت ناگ سینٹرل میں 13 اُمیدوار، اسمبلی حلقہ سری گفوارہ۔بجبہاڑہ میں 3 اُمیدوار، اسمبلی حلقہ شانگس(اننت ناگ ایسٹ) میں 13 اُمیدوار اور اسمبلی حلقہ پہلگام میں 6 اُمیدوار میدان میں ہیں۔اننت ناگ ضلع 7 اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے جس میں 6,67,843 رائے دہندگان ہیں جن میں 3,36,200 مرد، 3,31,639 خواتین اور 4 خواجہ سرا رائے دہندگان شامل ہیں۔ ضلع بھر میں 844 پولنگ سٹیشنوں کا جامع نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔ضلع کولگام 3 اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے جس میں 3,28,782 رجسٹرڈ رائے دہندگان ہیں جن میں 1,64,852 مرد، 1,63,917خواتین اور 13 خواجہ سرا ووٹر شامل ہیں۔شفاف اِنتخابات کے لئے 372 پولنگ سٹیشنوں کا ایک جامع نیٹ ورک قائم کیا گیاہے۔ضلع شوپیان کو 2اسمبلی حلقوں میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں کل 2,09,062رجسٹرڈ رائے دہندگان ہیںجن میں 1,04,894مرد ، 1,04,161 خواتین اور 7 خواجہ سرا رائے دہندگان شامل ہیں۔ ووٹنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لئے دونوں حلقوں میں 251 پولنگ سٹیشن قائم ہیں۔پلوامہ ضلع میں کے 4 حلقوں میںکل 4,07,637 رائے دہندگان درج ہیں جن میں 2,02,475 مرد ، 2,05,141 خواتین اور 21 خواجہ سرا ووٹر شامل ہیں۔ ضلع بھر میں 481 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ضلع رام بن کے2اسمبلی حلقوں میں کل 2,24,214 رائے دہندگان رجسٹرڈ ہیں جن میں 1,16,019مرد ووٹر ، 1,08,193خواتین رائے دہندگان اور ایک خواجہ سرا ووٹر شامل ہیں۔ دو اسمبلی حلقوں میں کل 365 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں تاکہ ہر رجسٹرڈرائے دہندگان کو جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لینے کا موقعہ ملے۔ضلع کشتواڑ میں 3 اسمبلی حلقوں میں کل 1,79,374 رائے دہندگان ہیں جن میں 91,935 مرد اور 87,435 خواتین شامل ہیں اور 4خواجہ سرا رائے دہندگان اَپنے حق رائے دہی کا اِستعمال کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ضلع بھر میں 429 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ضلع ڈوڈہ میں کل 3,10,613 رجسٹرڈ رائے دہندگان درج کئے گئے ہیں جن میں1,60,057مرد ، 1,50,521خواتین اور 8 خواجہ سرا شامل ہیں۔ اِن حلقوں میں کل 534 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہر رجسٹرڈ رائے دہندگان کو جمہوری عمل میں حصہ لینے کا موقعہ ملے۔الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (اِی سی آئی) نے آسان اور بغیر پریشانی اِنتخابی شرکت کے لئے رائے دہندگان کی سہولیت کے لئے 24 اَسمبلی حلقوں میں صد فیصد ویب کاسٹنگ کیساتھ 3,276 پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیں۔ ان میں 302 شہری پولنگ سٹیشن اور 2,974 دیہی پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔رائے دہندگان کی شرکت کو بڑھانے کے لئے 24 پولنگ سٹیشن خواتین کے زیر اِنتظام ہوں گے جنہیں پنک پولنگ سٹیشن کہا جاتا ہے ، 24 پولنگ سٹیشن جسمانی طور خاص اَفراد اور 24 پولنگ سٹیشن نوجوانوںکی نگرانی میں چلائے جائیں گے ۔اِس کے علاوہ ماحولیاتی ماحول کے بارے میں پیغام پھیلانے کے لئے 24 پولنگ سٹیشن اور 17 منفردپولنگ سٹیشن ہوں گے ۔ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔