سرینگر //وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت برابر نکتہ انجماد سے نیچے ریکارڈ ہورہا ہے۔پہلگام میں سب سے کم منفی 3.4ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری دکھائی دی اور یہاں منفی 0.6ڈگری درج کیا گیا۔جبکہ وادی میں شمال وجنوب کے بیشتر علاقوںمیں رات کاکم سے کم درجہ حرارت معمول سے نیچے آگیاہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ جموں وکشمیرمیں یکم نومبر کی شام سے بارشیں اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب درجہ حرارت 3.4 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ قاضی گنڈ میں2.8 ،کوکرناگ میں 2.3 اورکپوارہ میں1.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔درجہ حرارت میں کمی آنے کے نتیجے میں وادی میں شبانہ ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔