اننت ناگ//پہلگام میں میونسپل کمیٹی میںتعینات صفائی کرمچاریوں اور عارضی ملازمین نے تنخواہیں واگذار کرنے کی اپیل کی ہے ۔ہفتہ کو میونسپل کمیٹی کے احاطے میں سینکڑوں صفائی کرمچاری اور عارضی ملازمین جمع ہوئے اور تنخواہیں بند رکھنے پر احتجاج کیا ۔ان احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ لوگ گذشتہ کئی مہینوں سے تنخواہوں سے محروم ہے جس کے سبب انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کے پیش نظر اُن کے معمول کے کام میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے تاہم محکمہ تنخواہ واگذارنہیں کررہا ہے۔ملازمین کا کہنا تھا کہ اگر تنخواہیں واگذار نہ کی گئیں تو وہ لوگ کام چھوڑ ہڑتال پر جائیں گے ۔ کمیٹی کے چیئرمین رئیس احمد لون نے کہا کہ ان ملازمین کی تنخواہیں لوکل فنڈ سے فراہم کی جاتی ہیں جواگست سے جمع نہیں ہوپایاہے اور وہ تنخواہیں بھی واگذار نہیں کرپائے ہیں جس کے لئے وہ شرمندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاملہ ڈائریکٹر لوکل باڈیز کی نوٹس میں لایا گیا ہے اور اُمید ہے کہ آنے والے دنوں میں محکمہ فنڈ واگذار کرے گا۔