پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کی ایل جی منوج سنہا سے ملاقات

جموں// پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کے ایک وفد نے جمعہ کو راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی تاکہ پہاڑی قبیلے کو درپیش مختلف مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔تین رکنی وفد کی قیادت ایڈوکیٹ احسن مرزاکررہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ ایڈووکیٹ گوردیو سنگھ ٹھاکر اور سجاد مرزا نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں پہاڑی قبائل کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ملاقات کا بنیادی مسئلہ پسے ہوئے اور پسماندہ پہاڑی قبائل کو ایس ٹی کا درجہ دینا تھا۔میٹنگ کے دوران ایک اور اہم مسئلہ اٹھایا گیا پہاڑی ایڈوائزری بورڈ کا کام کرنا جو اس وقت ناکارہ پڑا ہے کیونکہ گزشتہ دو سال سے بورڈ کا کوئی اجلاس نہیں ہوا۔ بورڈ پہاڑی بولنے والے طلباء اور پہاڑی قبیلے کے دیگر طبقات کے لیے کوئی فلاحی اسکیم نافذ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوںنے ایل جی پر زور دیا کہ پہاڑی قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک افسر کو آزادانہ چارج کے ساتھ بورڈ کا سیکرٹری مقرر کیا جائے تاکہ بورڈ کے کام کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے۔وفود کے ارکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ان کے حقیقی مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ میرٹ پر حل کرنے کے لیے اٹھایا جائے گا۔