یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ ہندوستان کا اتحاد اور خوشحالی سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی کا واحد مقصد تھا اور ان کی وجہ سے ہی زمین پر ایک خودمختار اور اکھنڈ بھارت کا موجودہ نقشہ ممکن ہوپایاتھا۔ملک کے پہلے وزیر داخلہ اورمرد آہن کے نام سے مشہور سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش، راشٹریہ ایکتا دیوس کے موقع پرمسٹرشاہ نے منگل کو یہاں میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں ایکتا دوڑ کے انعقاد کے موقع پر یہ بات کہی۔قبل ازیں انہوں نے صبح سات بجے پٹیل چوک پر واقع سردار پٹیل کے مجسمہ پر پھول چڑھائے ۔ اس موقع پر، انہوں نے کہا، “ملک کے انضمام اور ترقی میں مرد آہن پٹیل جی کا ناقابل فراموش تعاون ہے ۔ آج سردار صاحب کے یوم پیدائش کے موقع پر نئی دہلی میں ان کے مجسمہ پر شکر گزار قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا۔ایکتا دوڑ کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کرنے سے پہلے مسٹرشاہ نے کہا کہ انگریز اس ملک کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے کے لئے چھوڑ کر گئے تھے لیکن سردار پٹیل نے چندہی دنوں میں 550 ریاستوں کو اتحاد کے دھاگے میں پرودیا۔
انہوں نے کہا، ”اگر سردار نہ ہوتے تو آج جو ہندوستان کا نقشہ ہے وہ ہم نہیں دیکھ پاتے ۔ اس ملک کو متحد کرنے میں سردار پٹیل کا ناقابل فراموش تعاون تھا اور ملک اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔مسٹر شاہ نے کہا کہ اس ایکتا دیوس کی اپنی اہمیت ہے کیونکہ یہ آزادی کے امرتکال کے دوران پہلا ایکتا دیوس ہے ۔ آج یہاں تقریباً 8 ہزار شرکاء ایکتا دوڑمیں حصہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو یہ حلف اٹھانا چاہئے کہ 25 سال بعد جب ہم 15 اگست 2047 کو آزادی کا صد سالہ جشن منائیں تو ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر ہر میدان میں دنیا میں سب سے آگے کھڑا ہونا چاہئے ۔ اس کے بعد انہوں نے سب سے قومی اتحاد کا حلف لیا اور ایکتا دوڑ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ معروف پہلوان یوگیشور دت اور دیگر کھلاڑیوں نے مسٹر شاہ کو جھنڈی سونپی۔مرکزی وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں اپنے پیغام میں کہا، “ہندوستان کا اتحاد اور خوشحالی سردار ولبھ بھائی پٹیل جی کی زندگی کا واحد مقصد تھا۔ اپنی مضبوط قوت ارادی، سیاسی دانشمندی اور محنت کے ساتھ 550 سے زیادہ شاہی ریاستوں میں منقسم ہندوستان کو ایک متحدہ قوم بنانے کا کام کیا۔ سردار صاحب کی قوم کے لئے وقف کردہ زندگی اور ملک کے پہلے وزیرداخلہ کے طور پر ملک کی تعمیر کے کام ہمیں ہمیشہ ہمیں متاثر کرتے رہیں گے ۔مردآہن سردار پٹیل جی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت اور ‘راشتریہ ایکتا دیوس’ پر تمام ہم وطنوں کو نیک خواہشات۔ایکتا دوڑ کے موقع پر اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر، لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ، وزیر مملکت برائے امور خارجہ میناکشی لیکھی، وزیر مملکت برائے داخلہ نشیتھ پرمانک اور کئی معززین موجود تھے ۔