پٹھا نہ تیرکے پہاڑی گائوں کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم

مینڈھر//سب ڈویزن مینڈھر کی پنچائت پٹھانہ تیر کی حالت نہائت ہی خستہ ہے جبکہ انتظامیہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہو چکی ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ گائوں ایک پہاڑی پر واقعہ ہے جس میں لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں ہیں لیکن محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان نہیں دیا جارہاہے جبکہ اسی طرح سے سڑکوں پر لوگوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق  دو ماہ قبل محکمہ بجلی نے سب ڈویزن مینڈھر میں بے شمار بجلی کے کھمبے دئیے لیکن پٹھانہ تیرگائوں کو یکسر نظر انداز کر دیا ۔مذکورہ گائوں میں مقامی لوگوں نے کھڈے نکال کر رکھے ہوئے ہیںلیکن کئی ماہ گزر جانے کے باوجود بھی لوگوں کو بجلی کے کھمبے فراہم نہیں کئے گئے ہیں ۔اس گائوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں سبز درختوں کیساتھ باندھی ہو ئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور اگر ملازمین کی غفلت شعاری کے سلسلہ میں تحقیقات نہیں کی جاتی تو مقامی لوگوں احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو جائینگے ۔ایک مقامی شخص محمد اعجاز کوہلی نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین نے لوگوں کودھوکہ دیا ہے لیکن سہولیات فراہم نہیں کی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ گائوں میں عوام پینے کا صاف پانی کئی کلو میٹر کی پید مسافت طے کر کے لاتے ہیں جبکہ اسی طرح سڑکوں کی حالت بھی نا قابل استعمال ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پٹھا نہ تیر میں سڑکیں تعمیر کرنے کا کام کئی برس قبل شروع کیا گیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ کی غفلت شعاری اور ضلع انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے ابھی تک ان پروجیکٹوں کو مکمل نہیں کیا گیا ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پٹھا نہ تیر کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔