عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ // پٹن علاقے میںایک دلدوز سڑک حادثہ کے دوران موٹر سائیکل سوار اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل زیر نمبر JK09-7294 تاپر پائین کے مقام پر حادثہ کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔ راہ گیروں نے جلد ہی دونوں کو ٹراما ہسپتال پٹن پہنچایا جہاں کچھ ہی دیر بعد دونوں نے دم توڑ دیا۔ بی ایم او پٹن ڈاکٹر محمد طحہ خان نے بتایا کہ دونوں کو شدید زخمی حالت میں(ٹراما)ہسپتال پٹن پہنچایا گیا لیکن وہ ہسپتال پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد دم توڑ بیٹھے۔ میں پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسے متعلقہ خاندانوں تک پہنچا دیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 26 سالہ عبدالرحمن قریشی ولد ارشاد احمد قریشی ساکن ہندوارہ اور 28 سالہ انیش سونی ولد راجیندر سنگھ ساکن موہالی پنجاب کے طور پر کی گئی۔
ادھر/ وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے بٹ پورہ چرار شریف علاقے میں ایک معمر شخص کی لاش مشتبہ حالت میں برآمد کی گئی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ 65سالہ غلام رسول بٹ ولد علی محمد بٹ ساکن ہفرو نامی ایک شخص کی نعش چرار شریف میں واقع وڈر بٹ پورہ سے مشتبہ حالت میں برآمد ہوئی۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں سی آر پی سی کی دفعہ 174 کے تحت مقدمہ درج کر لیاگیا اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی۔ ادھر اننت ناگ ضلع کے مرہامہ علاقے میں ہفتہ کو ایک سکول میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک باورچی اور ایک بچہ جھلس کر زخمی ہو گیا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ مڈل سکول جعفر پورہ مرہامہ اننت ناگ میں گیس دھماکہ ہوا جس میں ایک 50 سالہ خاتون حاجرہ اور ایک چار سالہ بچہ زیان ولد محمد اشرف زخمی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کو ابتدائی طور پرسب ضلع ہسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا گیا اور بعد میں مزید علاج کیلئے صدر ہسپتال سرینگر بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون سکول میں باورچی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ دھماکے کی وجہ گیس سلنڈر کا لیک ہونا بتایا جاتا ہے۔ دھماکے سے لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے کر تفتیش شروع کردی۔