پٹن اور پلوامہ مہلوکین کو خراج عقیدت

سرینگر//انجمن شرعی شیعیان ، اتحاد المسلمین اورپیروان ولایت نے ژینہ بل پٹن اور پلوامہ میں مارے گئے عام شہریوںکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انجمن شرعی شیعیان کے صدر اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے ژینہ بل پٹن کے مہلوک نوجوان ارشد حسین کو خراج عقیدت پیش موصوف کے جذبہ انسانیت اور احساس کو سلام پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ نوجوان کی ہلاکت رنگ لائے گی اور معصوم بچی کو انصاف دلوانے کا  مطالبہ پورا ہو کر رہے گا۔آغا حسن نے کہا کہ انسانیت سو ز سانحات کے خلاف آواز بلند کرنا ایک ناگزیر انسانی و دینی فریضہ ہے لیکن احتجاج بہرحال تشدد سے مبرا ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ عوام یا پولیس کو تشدد بڑھکانے کا کوئی حق نہیںہے۔ آغا حسن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سانحہ سے متعلق سوشل میڈیا پر چلائے جا رہے اشتعال انگیز ی کی طرف کان نہ دھریں کیونکہ کچھ عناصر اس معاملے کواپنے حقیرمفادات کیلئے اتحاد ملی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے شہری ہلاکتوں کے خلاف بطور احتجاج متحدہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ آج یعنی17مئی 2019کو مکمل ہڑتال کریں ۔اتحاد المسلمین کے صدر و سینئر حریت رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ ژینہ بل کے نوجوان ارشد حسین نے ایک کمسن بچی کی عصمت پر اپنی قیمتی جان قربان کرکے  واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے لہو کے قطرے قطرے سے قوم کی عزت ماب خواتین کی عصمت و عزت کی حفاظت کرتے رہیں گے ۔ مولانا مسرور عباس نے ارشد حسین اور پلوامہ کے عام شہری کو طاقت کا نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں پر بندوق کھولنے والے سرکاری افراد چند سکوں کے عوض اپنا دین و ایمان فروخت کررہے ہیں ۔انصاری نے پلوامہ معرکہ میں جانبحق ہوئے عسکری نوجوانوں کو بھی شاندار انداز میں خراج پیش کیا۔ تنظیم کے سربراہ مولانا محمد عباس انصاری اور دیگر تنظیمی اراکین نے بھی ژینہ بل پٹن کے ارشد حسین کو خراج پیش کیا ہے اور پولیس و فورسز کی بربریت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے ژینہ بل پٹن اور پلوامہ میں عام شہری کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد حسین نے قوم کی مائوں بہنوں کا محافظ بن کرایک واضع پیغام دیا ۔ انہوں نے پلوامہ آپریشن کی آڑ میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے شہری و ویگر عسکریت پسندوں کو خراج پیش کیا۔تنظیم کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے پرامن مظاہرین پر طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ جنسی تشدد کے شکار معصومہ کو انصاف دلانے کے بجائے فورسز نے پر امن مظاہرین پر طاقت کا استعمال کرکے ثابت کردیا کہ ملزم کو درپردہ بچانے کی سازشیں رچائی جارہی ہیں۔