سرینگر //پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پیر کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جنوبی کشمیر کے شوپیان اور اننت ناگ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران پولیس سربراہ نے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل سے جنگجویانہ سرگرمیوں میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں عوام نے راحت کی سانس لی ہے۔ انہوںنے کہاکہ امن و امان کے قیام کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے جاری جنگجو مخالف آپریشن جاری رہیں گے۔ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے شوپیان اور اننت ناگ اضلاع کا تفصیلی دورہ کیا اورپولیس و دیگر فورسز افسران کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے جنوبی کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل سے شر پسند عناصر کے منصوبے ناکام ہو رہے ہیں۔ انہوںنے اننت ناگ میں حال ہی میں چار عسکریت پسندوں کی ہلاکت کو ’’بڑی کامیابی ‘‘سے تعبیر کرتے ہوئے پولیس اور دوسری سیکورٹی ایجنسیوں کو سراہا ۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر پولیس قیام امن کی خاطر جس طرح سے اپنا کردار اداکررہا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ انہوںنے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیوں کے آپسی تال میل کے باعث ہی جنگجویانہ سرگرمیوں میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر میں قیام امن کیلئے جس طرح سے سیکورٹی ایجنسیاں کام کر رہی ہیں، اُس کی نہ صرف یوٹی بلکہ ملکی سطح پر پذیرائی ہور ہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر ایسی منصوبہ بندی کو مستقبل میں بھی جاری رکھنا ہوگا۔ پولیس اہلکاروں کی فلا ح و بہبود کے بارے میں پولیس سربراہ نے کہاکہ موجودہ انتظامیہ جموںوکشمیر پولیس میں تعینات اہلکاروں کے مسائل حل کرنے کی خاطر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ دلباغ سنگھ نے میٹنگ کے دوران افسران سے تاکید کی کہ وہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر متحرک ر رہیں۔ انہوںنے افسران پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں اور پولیس کے درمیان رشتے مزید مضبوط ہو سکیں۔ انہوںنے کہاکہ جنوبی کشمیر میں تعینات پولیس افسران اور اہلکار پیشہ وارانہ طریقے سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔میٹنگ کے دوران ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اتل کمار گوئل نے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور آئی جی کشمیر وجے کمار کو شوپیان اور اننت ناگ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حالات پوری طرح سے قابو میں ہیں اور سرگرم جنگجوئوں کے خلاف جاری آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔
پلوامہ اور شوپیان میں تلاشیاں
شاہد ٹاک
شوپیان//جنوبی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشنوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے پلوامہ کے لتراور شوپیان کے کچھ ڈورو علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشیاں لیں۔مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد 55آر آر اور پولیس نے پلوامہ کے زاہد باغ لتر علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شرو ع کیا ۔ فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔تاہم تلاشی کارروائی کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ادھر سوموار سہ پہرپانچ بجے شوپیاں کے کچھ ڈورو علاقے کو 34آر آر ، ایس او جی شوپیاں اور پیرا ملٹری فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ سیب کے باغات کو کھنگالنا شروع کیا ۔ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ گھروں میں ہی رہیں لیکن کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔